Saturday , December 15 2018

حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں کیخلاف جدوجہد

کانگریس پارٹی میں تمام طبقات کو مناسب نمائندگی : اتم کمار ریڈی

کانگریس پارٹی میں تمام طبقات کو مناسب نمائندگی : اتم کمار ریڈی

حیدرآباد 3 مارچ (سیاست نیوز) صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کیپٹن اتم کمار ریڈی نے پارٹی صدر مسز سونیا گاندھی کے مشورے پر کام کرتے ہوئے آئندہ دو ماہ میں دیہی سطح سے ریاستی سطح تک کمیٹیوں میں تبدیلی لانے اور تمام مذاہب اور طبقات کو مساوی و مناسب نمائندگی دیتے ہوئے کانگریس کو مستحکم کرنے اور حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف جدوجہد کرنے کا اعلان کیا۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی نامزد ہونے کے بعد کیپٹن اتم کمار ریڈی آج اپنی شریک حیات کے ساتھ دہلی پہونچ کر پارٹی صدر مسز سونیا گاندھی سے ملاقات کی۔ صدر تلنگانہ پی سی سی بنانے پر اظہار تشکر کیا۔ تلنگانہ کی تازہ سیاسی صورتحال پر انھیں ایک رپورٹ پیش کی۔ بعدازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیپٹن اتم کمار ریڈی نے کہاکہ سونیا گاندھی سے ان کی خیرسگالی ملاقات رہی۔ پارٹی کو مستحکم کرنے کے لئے سونیا گاندھی نے انھیں جو تجاویز اور مشورے دیئے ہیں اس پر وہ عمل کریں گے۔ اندرون دو ماہ تلنگانہ میں تنظیمی تبدیلیاں لائیں گے۔ سماج کے تمام طبقات اور مذاہب کو کمیٹیوں میں مناسب نمائندگی دیں گے۔ اُنھوں نے پارٹی کے سینئر قائدین کو کانگریس کا اثاثہ قرار دیتے ہوئے کہاکہ وہ سینئر قائدین کا پارٹی میں ہمیشہ احترام کریں گے۔ اہم فیصلے کرنے سے قبل انھیں اعتماد میں لیں گے اور ان کی تجاویز پر عمل کریں گے۔ نوجوانوں کو زیادہ سے زیادہ کانگریس پارٹی میں شامل ہونے کی ترغیب دیں گے۔ کانگریس کی محاذی تنظیموں یوتھ کانگریس، طلبہ تنظیم این ایس یو آئی، مہیلا کانگریس کے علاوہ ایس سی، ایس ٹی ، بی سی اور اقلیتی ڈپارٹمنٹ وغیرہ کو سرگرم کریں گے۔ ضرورت پڑنے پر ان میں بھی تبدیلیاں لاتے ہوئے کانگریس کو مستحکم کریں گے۔ کانگریس پارٹی بالخصوص صدر کانگریس مسز سونیا گاندھی نے علیحدہ تلنگانہ ریاست تشکیل دی ہے تاہم مخالف حکومت لہر اور سربراہ ٹی آر ایس کے چندرشیکھر راؤ کے کبھی پورے نہ ہونے والے جھوٹے وعدوں سے کانگریس کو نقصان ہوا۔ تاہم کانگریس پارٹی اپوزیشن کا تعمیری رول ادا کرے گی۔ اسمبلی اور اسمبلی کے باہر حکومت پر دباؤ بناتے ہوئے ٹی آر ایس کے انتخابی منشور میں عوام سے جو وعدے کئے گئے ہیں اس کو عملی جامہ پہنانے کیلئے تحریک شروع کی جائے گی۔

TOPPOPULARRECENT