Wednesday , November 22 2017
Home / سیاسیات / حکومت کی کارکردگی سے آر ایس ایس کو باخبر کرنے کی تردید

حکومت کی کارکردگی سے آر ایس ایس کو باخبر کرنے کی تردید

فکر انگیز اجلاس تھا ، کئی مسائل زیرغور رہے : راج ناتھ سنگھ
نئی دہلی۔ 6 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے کہا ہے کہ آر ایس ایس کو بی جے پی حکومت کی کارکردگی سے واقف نہیں کروایا گیا البتہ وزیراعظم نریندر مودی اور ان کے کابینی رفقاء کے ساتھ حالیہ آر ایس ایس اجلاس میں تبادلہ خیال انتہائی فکرانگیز اور اہم افکار پر مبنی تھا۔ راج ناتھ سنگھ نے اپوزیشن کے اس الزام کو مسترد کردیا کہ آر ایس ایس، مرکز میں بی جے پی حکومت چلا رہی ہے۔ انہوں نے پی ٹی آئی سے کہا کہ ’’یہ ایک غوروفکر کا اجلاس تھا جس میں تمام مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ خواہ وہ اقتصادی ہوں کہ تعلیمی، تہذیبی، قومی سلامتی یا سماجی ہم آہنگی ہو، ہم نے ملک سے متعلق تمام مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیر داخلہ نے اس الزام کو مسترد کردیا کہ سنگھ پریوار نے 15 ماہ قدیم این ڈی اے حکومت کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ ’’حکومت کی کارکردگی پر کچھ بھی واقف نہیں کروایا گیا۔ اس (حکومت) کی اچھی، بری کسی بھی کارکردگی پر کوئی بات چیت نہیں کی گئی‘‘۔ انہوں نے کہا کہ آر ایس ایس نے کبھی کوئی ہدایت نہیں دی بلکہ صرف تجاویز پیش کی گئیں اور کسی مسئلہ پر تجویز کی پیشکشی یا تبادلہ خیال کرنے میں کوئی غلطی نہیں ہے۔ راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی کی طرح خود وہ بھی آر ایس ایس کے سوئم سیوک ہیں اور کسی کو اس بات پر کوئی مسئلہ نہیں ہونا چاہئے۔ آر ایس ایس کی جانب سے نریندر مودی حکومت چلائے جانے اپوزیشن کے الزام کو مسترد کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس الزام میں کوئی سچائی نہیں ہے اور یہ بالکل بے بنیاد ہے۔ واضح رہے کہ آر ایس ایس کے تین روزہ اجلاس میں وزیراعظم نریندر مودی اور ان کے وزراء نے سنگھ کے سربراہ موہن بھاگوت اور دیگر سرکردہ قائدین سے مختلف اُمور پر دوبدو بات چیت کی تھی۔ اس اجلاس میں وزراء کی شرکت پر کانگریس نے اعتراض کیا تھا اور کہا تھا کہ مودی حکومت چلانے میں آر ایس ایس ریموٹ کنٹرول کا کام کررہی ہے۔

TOPPOPULARRECENT