Friday , May 25 2018
Home / شہر کی خبریں / حکومت کے خلاف اعلان جنگ کی تیاریاں ‘ جڑچرلہ میں آج کانگریس کا جلسہ

حکومت کے خلاف اعلان جنگ کی تیاریاں ‘ جڑچرلہ میں آج کانگریس کا جلسہ

حیدرآباد 19 ڈسمبر (سیاست نیوز) کانگریس پارٹی کل 20 ڈسمبر چہارشنبہ کو جڑچرلہ میں پرجا گرجنا کے نام سے بڑا جلسہ منعقد کررہی ہے ۔ اس میں تمام سیاسی جماعتوں اور رضاکارانہ تنظیموں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرکے ٹی آر ایس حکومت کے خلاف اعلان جنگ کی تیاریاں مکمل کررہی ہے ۔ جلسہ میں صدر تلنگانہ پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی، اے آئی سی سی انچارج سکریٹری آر سی کنٹیا، اے آئی سی سی ایس سیل صدر کے راجو، ٹی پی سی سی ورکنگ صدر ملو بٹی وکرامارک، سابق مرکزی وزیر ایس جئے پال ریڈی، سابق ریاستی وزیر ڈی کے ارونا، رکن اسمبلی ریونت ریڈی کے علاوہ دوسرے شرکت کریں گے۔ کانگریس نے پہلے اچم پیٹ میں جلسہ کا انعقاد کرکے اپنی طاقت کا مظاہرہ کیا ہے۔ کانگریس کو تنظیمی سطح پر مستحکم کرنے اور دوسری سیاسی جماعتوں اور رضاکارانہ تنظیموں کو عوامی مسائل پر متحدہ جدوجہد کرنے ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرنے 20 ڈسمبر کو جڑچرلہ میں جلسہ منعقد کیا جارہا ہے۔ پارٹی نے ٹی آر ایس حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں، عوامی مسائل، غلط پالیسیوں و فیصلوں کے خلاف احتجاج شروع کرنے کا فیصلہ کرکے ریاست بھر میں جلسے کرنے اور حکومت کی ناکامیوں کا پردہ فاش کرنے کا فیصلہ کیا۔ کانگریس نے اچم پیٹ میں کامیاب جلسہ کے بعد ریاست کے ہر اسمبلی حلقہ میں جلسہ منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اپوزیشن اور رضاکارانہ تنظیموں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنے تمام جماعتوں اور رضاکارانہ تنظیموں کے نمائندوں سے مشاورت کا آغاز کردیا ہے۔ گجرات میں کانگریس کے شاندار مظاہرے کے بعد صدر تلنگانہ پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی نے راہول گاندھی کا اگلا نشانہ تلنگانہ ہونے کا اعلان کیا ہے۔ ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ مختلف سیاسی جماعتوں کے قائدین کانگریس سے رابطہ میں ہیں۔ جب اس سلسلہ میں اتم کمار ریڈی سے بات چیت کی گئی تو انھوں نے کہاکہ سنکرانتی کے بعد مختلف سیاسی جماعتوں کے قائدین کانگریس میں شامل ہوں گے۔

TOPPOPULARRECENT