Sunday , November 19 2017
Home / کھیل کی خبریں / حکومت ہریانہ کے وعدے پورے نہ ہوئے

حکومت ہریانہ کے وعدے پورے نہ ہوئے

کیا یہ صرف میڈیا کیلئے اعلانات تھے ، اولمپک میڈلسٹ ساکشی ملک کی تنقید
روہتک۔ 5 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) اولمپک میڈلسٹ ساکشی ملک نے حکومت ہریانہ کو اپنے وعدے یاد دلاتے ہوئے تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے سوشیل میڈیا سائیٹ ٹوئٹر پر لکھا ’’میں نے ملک کیلئے میڈل جیت کر اپنا وعدہ پورا کیا، ریاستی حکومت نے جو وعدے کئے ہیں، وہ کب پورے ہوں گے؟‘‘ انہوں نے ہندی میں ٹوئٹ کرتے ہوئے یہ سوال کیا۔ ساکشی ملک نے پھر انگریزی میں ایک اور ٹوئٹ کیا: ’’اولمپک میڈل جیتنے کے بعد حکومت ہریانہ نے جو اعلانات کئے تھے، کیا وہ صرف میڈیا کیلئے تھے؟‘‘ انہوں نے ہریانہ کے چیف منسٹر کے دفتر، ریاستی وزیر اسپورٹس انیل وج اور مرکزی وزیر اسپورٹس وجئے گوئل کو مخاطب کرتے ہوئے یہ سوالات کئے۔ واضح رہے کہ منوہر لال کھتر زیرقیادت بی جے پی حکومت نے گزشتہ سال ریو اولمپکس میں ساکشی ملک کے برانز میڈل جیتنے کے بعد کئی اعلانات کئے تھے۔ ان میں 2.5 کروڑ روپئے نقد انعام اور روہتک مہارشی دیانند یونیورسٹی میں ساکشی کیلئے ریسلنگ ڈائریکٹر کے عہدہ پر سرکاری ملازمت اور ان کی ماں کو ترقی جو آنگن واڑی ورکر ہیں، اور خاندان کیلئے پلاٹ شامل ہیں۔ منوہر لال کھتر نے ضلع روہتک کے آبائی گاؤں موکھرا میں اسپورٹس نرسری اور اسٹیڈیم بھی قائم کرنے کا اعلان کیا تھا۔ ریاستی حکومت نے ساکشی ملک کی واپسی پر انہیں 2.5 کروڑ روپئے کا چیک پیش کیا لیکن مابقی اعلانات پر اب تک بھی عمل نہیں کیا گیا۔ ریسلر کی ماں سودیش ملک نے کہا کہ آنگن واڑی ڈپارٹمنٹ نے ان کی ترقی کیلئے اب تک کوئی پیشرفت نہیں کی۔ ساکشی ملک کو سرکاری ملازمت نہیں دی گئی اور پلاٹ کا وعدہ بھی پورا نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت نے ساکشی کی برونز میڈل جیت کر ملک واپس ہوتے ہی چیک پیش کئے جانے پر وہ شکریہ ادا کرتی ہیں لیکن دیگر اعلانات کے تعلق سے اب تک خاموشی اختیار کی جارہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ چیف منسٹر اور وزیر اسپورٹس سے متعدد مرتبہ بات کی گئی لیکن وہ صرف تیقن دے رہے ہیں۔ انہوں نے ساکشی کے کوچیس کو 10 لاکھ روپئے نقد انعام کا اعلان بھی اب تک پورا نہیں ہوا۔  ساکشی نے یہ مسئلہ ایسے وقت اٹھایا جبکہ ایک ہفتہ قبل شہید سپاہی مندیپ سنگھ کے ارکان خاندان نے حکومت پر ایکس گریشیا کی ادائیگی میں تاخیر کا الزام عائد کیا تھا۔

TOPPOPULARRECENT