حیدرآبادی رباط میں تلنگانہ عازمین حج کے قیام کو یقینی بنانے کی مساعی میں پیشرفت

اوقاف کمیٹی اور ناظر رباط کے درمیان مصالحت کی کوشش، مرکزی حج کمیٹی سے کونسل جنرل جدہ سے ربط

اوقاف کمیٹی اور ناظر رباط کے درمیان مصالحت کی کوشش، مرکزی حج کمیٹی سے کونسل جنرل جدہ سے ربط
حیدرآباد۔/20مارچ، ( سیاست نیوز) مکہ مکرمہ میں واقع حیدرآبادی رباط میں تلنگانہ کے عازمین حج کے قیام کو یقینی بنانے کی کوششوں میں پیش رفت ہوئی ہے۔ حکومت اس بات کی کوشش کررہی ہے کہ اوقاف کمیٹی اور ناظر رباط کے درمیان مصالحت کے ذریعہ حیدرآباد میں قرعہ اندازی کی جائے اور رباط میں قیام کیلئے عازمین کا انتخاب ہو۔ مرکزی حج کمیٹی کے تعاون سے کونسل جنرل جدہ سے ربط پیدا کیا گیا ہے۔ جدہ میں مقیم ہندوستانی کونسل جنرل نے اس تنازعہ کی یکسوئی میں دلچسپی دکھائی اور قرعہ اندازی کے موقع پر حیدرآباد میں موجود رہنے کا پیشکش کیا۔ حکومت حج 2015کے موقع پر رباط میں تلنگانہ کے عازمین کے قیام کو یقینی بنانا چاہتی ہے۔ اس سلسلہ میں 600عازمین کے قیام سے ناظر رباط نے اتفاق کرلیا تاہم حیدرآباد میں قرعہ اندازی کے ذریعہ ان افراد کا انتخاب کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ قرعہ اندازی کے اختیارات کے مسئلہ پر ناظر رباط اور اوقاف کمیٹی نظام کے درمیان تنازعہ کے سبب گزشتہ دو برسوں سے عازمین رباط میں قیام کی سہولت سے محروم رہے۔ ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی، محکمہ اقلیتی بہبود اور حج کمیٹی کے ذمہ داروں نے مشترکہ طور پر مساعی کی اور دونوں فریقین کو بات چیت کی میز پر لانے کا فیصلہ کیا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ سنٹرل حج کمیٹی کے ذمہ داروں سے کونسل جنرل جدہ نے بات چیت کی اور رباط کے تنازعہ کی یکسوئی میں مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ تلنگانہ حکومت نے تجویز پیش کی کہ دونوں فریقین اور کونسل جنرل جدہ کی موجودگی میں حیدرآباد میں قرعہ اندازی کے ذریعہ رباط میں قیام کیلئے عازمین کا انتخاب کیا جائے۔ بتایا جاتا ہے کہ ناظر رباط نے اس تجویز سے اتفاق کرلیا ہے جبکہ حکومت اوقاف کمیٹی کے ذمہ داروں کو بھی اس تجویز پر راضی کرانے کی کوشش کررہی ہے۔ ڈپٹی چیف منسٹر اور اقلیتی بہبود کے عہدیدار بہت جلد اوقاف کمیٹی سے مشاورت کریں گے۔ حکومت کی جانب سے سنٹرل حج کمیٹی اور کونسل جنرل جدہ کو مکتوب روانہ کیا جارہا ہے تاکہ حیدرآباد میں قرعہ اندازی کی منظوری حاصل کی جاسکے۔ سنٹرل حج کمیٹی کے ذمہ داروں نے بتایا کہ اس تنازعہ کی یکسوئی کے بعد سنٹرل حج کمیٹی رباط میں قیام کے سلسلہ میں تصریح جاری کردے گی چونکہ یہ تصریح اوقاف کمیٹی کے نام پر جاری کی جاتی ہے لہذا اوقاف کمیٹی کو راضی کرنا ضروری ہے۔ تلنگانہ حکومت کی مساعی پر ناظر رباط حسین شریف نے نہ صرف 600عازمین کے قیام کے انتظامات بلکہ انہیں مفت کھانا فراہم کرنے کا بھی پیشکش کیا ہے۔ توقع کی جارہی ہے کہ اوقاف کمیٹی تنازعہ کی یکسوئی کے سلسلہ میں حکومت کی مساعی میں تعاون کرے گی اور جاریہ سال تلنگانہ کے عازمین رباط میں قیام کرسکیں گے۔ اسی دوران اسپیشل آفیسر حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور سے چیف ایکزیکیٹو سنٹرل حج کمیٹی نے بات چیت کی اور حیدرآباد میں قرعہ اندازی کے موقع پر سنٹرل حج کمیٹی کے نمائندہ کو روانہ کرنے سے اتفاق کیا۔

TOPPOPULARRECENT