Wednesday , January 17 2018
Home / شہر کی خبریں / حیدرآبادی رباط میں عازمین حج کے قیام کی راہ ہموار

حیدرآبادی رباط میں عازمین حج کے قیام کی راہ ہموار

ناظر رباط کو عازمین کے انتخاب کا اختیار: قونصل جنرل کی مساعی

ناظر رباط کو عازمین کے انتخاب کا اختیار: قونصل جنرل کی مساعی

حیدرآباد۔/11اپریل، ( سیاست نیوز) مکہ مکرمہ میں حیدرآبادی رباط میں قیام سے متعلق تنازعہ کی عدم یکسوئی کو دیکھتے ہوئے قونصل جنرل ہند برائے جدہ نے ناظر رباط کو آندھراپردیش کے عازمین حج کی قرعہ اندازی کا اختیار دیا ہے تاکہ انہیں رباط میں قیام کی سہولت فراہم ہوسکے۔ قونصل جنرل جدہ فیض احمد قدوائی نے9اپریل کو سنٹرل حج کمیٹی کو مکتوب روانہ کرکے خواہش کی کہ ناظر رباط کی جانب سے رباط میں قیام کے مستحق افراد کے قرعہ اندازی سے انتخاب کے بعد حج کمیٹی انہیں قیام سے متعلق مکتوب جاری کرے۔ قونصل جنرل نے کہا کہ تنازعہ کی عدم یکسوئی کے باعث عازمین کو دشواریوں کا سامنا ہے جبکہ اس میں عازمین کا کوئی قصور نہیں۔ انہوں نے مکتوب کی نقل آندھرا پردیش حج کمیٹی اور ایچ ای ایچ دی نظام اوقاف کمیٹی کو بھی روانہ کی ہے۔ کہا گیا ہے کہ 19فبروری 2014ء کو انہوں نے تنازعہ کی یکسوئی کیلئے مکتوب روانہ کیا تھا۔ سکریٹری اوقاف کمیٹی حیدرآباد نے 25فبروری کو جوابی روانہ کرکے اس معاملہ کو کمیٹی کے اجلاس میں پیش کرنے کی اطلاع دی تاہم اس کے بعد سے کوئی اطلاع نہیں دی گئی۔ قونصل جنرل نے کہا کہ اس تنازعہ کے سبب گزشتہ سال ریاست کے عازمین رباط میں قیام سے محروم رہے۔

جاریہ سال بھی تاحال تنازعہ کی عدم یکسوئی سے عازمین رباط میں قیام کے حق سے محروم ہوسکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سنٹرل حج کمیٹی نے رباط میں قیام سے متعلق مکتوب کے ادخال کی آخری تاریخ 10جون مقرر کی ہے لہذا اوقاف کمیٹی اور ناظر رباط کے درمیان 10مئی تک اس معاملہ کی یکسوئی ضروری ہے۔ چونکہ اس مدت کیلئے ایک ماہ باقی رہ گیا ہے لہذا قونصل جنرل نے سفارش کی کہ ناظر رباط حسین شریف کو عازمین حج کے انتخاب کا اختیار دیا جائے کیونکہ قرعہ اندازی کا طریقہ کار شفاف ہے۔ انہوں نے سنٹرل حج کمیٹی سے سفارش کی کہ وہ منتخبہ عازمین کو قیام سے متعلق مکتوب جاری کرے۔ قونصل جنرل کا خیال ہے کہ اس تنازعہ سے جاریہ سال بھی عازمین رباط میں قیام کے حق سے محروم نہ ہوپائیں۔ فیض احمد قدوائی کی تجویز کو اگر سنٹرل حج کمیٹی قبول کرتی ہے تو جاریہ سال ریاستی عازمین کو رباط میں قیام کا موقع فراہم ہوگا اور رقم کی بچت ہوگی۔

TOPPOPULARRECENT