Tuesday , November 21 2017
Home / شہر کی خبریں / حیدرآبادی رباط میں عازمین کے قیام کیلئے آج قرعہ اندازی

حیدرآبادی رباط میں عازمین کے قیام کیلئے آج قرعہ اندازی

حیدرآباد ۔ 18۔ جولائی (سیاست نیوز) حج 2016 ء کیلئے مکہ مکرمہ کی حیدرآبادی رباط میں قیام کے سلسلہ میں عزیزیہ زمرہ کے عازمین کی قرعہ اندازی کل 19 جولائی کو 4 بجے دن چومحلہ پیالس خلوت میں ہوگی۔ قرعہ اندازی کے ذریعہ 607 عازمین حج کا انتخاب کیا جائے گا جبکہ سعودی حکومت سے ناظر رباط کو 678 عازمین کے قیام کیلئے تصریح حاصل ہوئی ہے۔ ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی اور ناظر رباط حسین محمد الشریف قرعہ اندازی کا رسمی طور پر افتتاح کریں گے۔ سنٹرل حج کمیٹی سے آن لائین لنک کے ذریعہ یہ قرعہ اندازی انجام دی جائے گی۔ اسپیشل آفیسر حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ تلنگانہ کے 10 ، مہاراشٹرا کے 7 اور کرناٹک کے 4 اضلاع سے تعلق رکھنے والے عزیزیہ زمرہ کی درخواستوں کو قرعہ اندازی میں شامل کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ 10 فیصد نشستیں نظام خاندان کے افراد کو الاٹ کی جاتی ہیں، لہذا قرعہ اندازی صرف 607 عازمین کی ہوگی اور اگر نظام خاندان کی درخواستیں کم موصول ہوئی تو ان نشستوں کو ویٹنگ لسٹ کے تحت الاٹ کیا جائے گا۔ قرعہ اندازی میں 100 نشستیں ویٹنگ لسٹ کے طورپر منتخب کی جائیں گی۔ جاریہ سال منتخب عازمین حج دو نئی عمارتوں میں قیام کریں گے اور مسفلہ میں واقع رباط کی موجودہ عمارت میں قیام کی اجازت نہیں دی گئی ہے کیونکہ یہ عمارت بوسیدہ ہوچکی ہے۔ ناظر رباط نے الشیشہ اور بکوتما علاقوں میں دو عمارتیں حاصل کی ہیں ، جن میں علی الترتیب 250 اور 428 کی گنجائش موجود ہے۔ ویٹنگ لسٹ میں الشیشہ کیلئے 40 اور بکوتما کیلئے 60 عازمین کا انتخاب ہوگا۔ سی ای او سنٹرل حج کمیٹی عطا الرحمن نے قرعہ اندازی کیلئے سافٹ ویر کی فراہمی کا تیقن دیا ہے اور اس کے لئے آن لائین تیاریاں مکمل کرلی گئیں۔ پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ قرعہ اندازی تقریب میں عازمین حج کو فکر کرنے کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ منتخب عازمین کو اطلاع کردی جائے گی ۔ قرعہ اندازی کے بعد سنٹرل حج کمیٹی کی جانب سے الاٹمنٹ ٹوکن جاری کئے جائیں گے جنہیں تلنگانہ حج کمیٹی منتخب عازمین میں تقسیم کرے گی۔ بتایا جاتا ہے کہ سعودی حکام نے الشیشہ کی عمارت کیلئے تصریح حوالے کردی ہے جبکہ دوسری عمارت کیلئے تصریح کی اجرائی آئندہ ہفتہ ممکن ہے۔ لہذا سنٹرل حج کمیٹی قرعہ اندازی کے بعد صرف ایک عمارت کے منتخب عازمین کو الاٹمنٹ ٹوکن جاری کرے گی۔ سابق ریاست حیدرآباد کے تمام اضلاع سے تعلق رکھنے والے عزیزیہ زمرہ کے عازمین کو قرعہ اندازی میں شامل کیا جائے گا ۔ اس زمرہ کے تحت تلنگانہ میں 1924 ، مہاراشٹرا میں 1685 اور کرناٹک میں 383 درخواستیں داخل کی گئی ہیں۔ قرعہ اندازی میں منتخب عازمین کو فی کس 47700 روپئے کی بچت ہوگی اور حج کمیٹی یہ رقم انہیں واپس کردے گی۔ عزیزیہ زمرہ کے عازمین کو مجموعی طور پر ایک لاکھ 86 ہزار 650 روپئے جمع کرنے تھے جبکہ گرین زمرہ کے جملہ اخراجات دو لاکھ 20 ہزار 550 روپئے ہیں۔ حج کمیٹی سے قربانی انجام دینے کی صورت میں رقم کا اضافہ ہوگا ۔ اسی دوران عازمین حج کیلئے دوسری اور آخری قسط کی ادائیگی کی آج آخری تاریخ تھی۔

TOPPOPULARRECENT