Tuesday , August 21 2018
Home / شہر کی خبریں / حیدرآبادی رباط میں 1286 عازمین کے قیام کو منظوری

حیدرآبادی رباط میں 1286 عازمین کے قیام کو منظوری

ناظر رباط حسین محمد الشریف کی جناب زاہد علی خاں سے بات چیت، جاریہ ماہ کے اواخر میں قرعہ اندازی

حیدرآباد۔/17مارچ، ( سیاست نیوز) حج 2018 کیلئے مکہ مکرمہ کی حیدرآبادی رباط میں سابق ریاست حیدرآباد کے 1286 عازمین حج کو قیام کی سہولت حاصل رہے گی۔ اس سلسلہ میں حکومت سعودی عرب نے ناظر رباط حسین محمد الشریف کی جانب سے روانہ کردہ تصریح کو منظوری دے دی ہے۔ امکان ہے کہ جاریہ ماہ کے اواخر میں قرعہ اندازی کے ذریعہ 1286 عازمین حج کا انتخاب کیا جائے گا۔ ناظر رباط نے آج ایڈیٹر ’سیاست‘ جناب زاہد علی خاں کو رباط میں قیام سے متعلق تصریح کی منظوری کی اطلاع دی۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ سال کی طرح 3 مختلف عمارتیں بتوکماں علاقہ میں عازمین کی رہائش کیلئے استعمال کی جائیں گی۔ سعودی حکام کی منظورہ تصریح کے مطابق پہلی عمارت میں 418 ، دوسری میں 434 اور تیسری میں 434 عازمین کے قیام کی گنجائش رہے گی۔ گزشتہ سال بھی ان تینوں عمارتوں میں اسی تعداد میں عازمین نے قیام کیا تھا۔ عمارتوں کی گنجائش کے اعتبار سے 1286 عازمین کے قیام کو منظوری دی گئی ہے۔ ناظر رباط نے جناب زاہد علی خاں کو تیقن دیا کہ ہر سال کی طرح اس سال بھی عازمین کی خدمت میں کوئی کسر باقی نہیں رکھی جائے گی۔ انہوں نے گزشتہ سال کئے گئے انتظامات کی تفصیلات بیان کیں۔ جناب زاہد علی خاں نے حسین محمد الشریف کو مبارکباد پیش کی کہ اللہ تعالیٰ نے انھیں عازمین حج کی خدمت کا موقع فراہم کیا ہے اور وہ اپنے والد محترم کی طرح پوری جستجو کے ساتھ خدمت انجام دے رہے ہیں۔ ناظر رباط نے تلنگانہ حج کمیٹی سے خواہش کی ہے کہ وہ جلد سے جلد قرعہ اندازی مقرر کرے تاکہ عازمین کے انتخاب کا عمل مکمل ہوجائے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ جاریہ ماہ کے اواخر میں حیدرآباد میں قرعہ اندازی ہوگی۔ واضح رہے کہ رباط میں قیام کرنے والے عازمین کو مجموعی حج مصارف میں تقریباً 45000 روپئے کی بچت ہوتی ہے اور یہ سہولت صرف عزیزیہ زمرہ کے منتخب عازمین کو فراہم کی جاتی ہے۔ تلنگانہ کے علاوہ مہاراشٹرا اور کرناٹک کے اُن اضلاع کے عازمین بھی اس سہولت کیلئے اہل قرار پاتے ہیں جو سابق ریاست حیدرآباد کا حصہ تھے۔ تلنگانہ حج کمیٹی کی جانب سے درخواستوں کی طلبی کے اعلان کے بعد سابق ریاست حیدرآباد کے منتخب عازمین درخواست داخل کرسکتے ہیں۔ واضح رہے کہ ناظر رباط خدمات کے سلسلہ میں اپنی دلچسپی کے ذریعہ گزشتہ کئی برسوں سے حجاج کرام کی دعائیں حاصل کررہے ہیں۔ توقع ہے کہ قرعہ اندازی کے موقع پر وہ موجود رہیں گے۔ انہوں نے رباط میں قیام کے الاٹمنٹ میں شفافیت پیدا کرنے کیلئے آن لائن قرعہ اندازی کا آغازکیا ہے۔ رباط میں نظام کے افراد خاندان کیلئے خصوصی کوٹہ مقرر کیا جاتا ہے۔

TOPPOPULARRECENT