Monday , November 20 2017
Home / شہر کی خبریں / حیدرآبادی فرحین کوثر جونیر سیول جج کے امتحان میں کامیاب

حیدرآبادی فرحین کوثر جونیر سیول جج کے امتحان میں کامیاب

مالک رزاق انٹر پرائزس عبدالرزاق کی بیٹی کی تعلیمی کارکردگی نوجوان نسل کیلئے مشعل راہ
حیدرآباد۔ 7 جنوری (سیاست نیوز) کسی قابل فرد کی اگر ہمت افزائی ہو تو اس کیلئے اچھا مقصد حاصل کرنا آسان ہوجاتا ہے۔ فرحین کوثر کا معاملہ ایسا ہی ہے جن کی قابلیت کے پیش نظر ان کے افرادِ خاندان نے ہمت افزائی کی اور یہ لڑکی جونیر ڈیویژن کے جج کا امتحان کامیاب ہوگئی۔ فرحین نے سیول جج کے حالیہ امتحانات میں کامیابی حاصل کی ہے۔ فرحین کوثر کا تعلق شہر کے معروف تجارتی گھرانے سے ہے جہاں اب فرحین کے بشمول دو جج ہوگئے ہیں۔ ان کے بڑے بھائی بھی جج ہیں۔ فرحین کے والد جناب محمد عبدالرزاق نے جو رزاق انٹر پرائزس دیوان دیوڑھی کے مالک ہیں، اپنی بیٹی کی کامیابی پر مسرت کا اظہار کیا اور کہا کہ جو خواب انہوں نے دیکھا تھا، اللہ نے اسے پورا کردیا۔ انہوں نے کہا کہ انہیں جو توقعات اپنی بیٹی سے وابستہ تھیں، ان توقعات پر ان کی ہونہار لڑکی کھری اُتری۔ فرحین نے سلطان العلوم ایجوکیشنل سوسائٹی کے زیرانتظام غلام احمد کالج آف لا سے قانون کی تعلیم پائی۔ عثمانیہ یونیورسٹی سے گولڈ میڈل حاصل کیا۔ فرحین کے والد عبدالرزاق خود بھی قانون کی تعلیم میں پوسٹ گریجویٹ ہیں اور وہ قانون میں پی ایچ ڈی کررہے ہیں۔ جناب عبدالرزاق کا کہنا ہے کہ میڈیسن اور لا دو ایسے شعبے ہیں جو انسان کے مرنے تک اس کے کام آتے ہیں۔ یہ دوسروں کے مددگار بنتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ سماج کی خدمت اور شہریوں کی مدد و انصاف رسانی کے شعبہ میں نمائندگی کی غرض سے انہوں نے اپنے بچوں کو تعلیم دلائی اور الحمدللہ ان کے بچے توقع سے زائد نتائج حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔ عبدالرزاق کے بڑے فرزند جونیر سیول جج عبدالجلیل وشاکھاپٹنم میں خدمات انجام دے رہے ہیں جنہوں نے انجینئرنگ کی تعلیم کے بعد ایم ایس کیا اور پھر لا کرنے کے بعد جونیر سیول جج کے امتحان میں کامیاب ہوئے۔ ان کی چھوٹی لڑکی میڈیسن میں ایم ڈی ہے اور وہ لا کی طالبہ بھی رہی۔ جناب عبدالرزاق نے والدین کو مشورہ دیا کہ وہ بچوں کی ہمیشہ ہمت افزائی کرتے رہیں اور ان کی زندگیوں سے ہم آہنگ ہوجائیں، اچھے دوست کی طرح ان کی تربیت کریں اور انہیں فیصلے لینے میں مدد کریں۔ انہوں نے ملت کی تعلیم یافتہ نوجوان نسل کو مشورہ دیا کہ وہ سرکاری ملازمتوں کے حصول پر توجہ دیں تاکہ ملک و ملت کی بہتر انداز میں خدمت کی جاسکے۔

TOPPOPULARRECENT