Sunday , November 19 2017
Home / شہر کی خبریں / حیدرآباد ، کولمبو راست پروازوں کا آغاز،ہفتہ میں 4 پروازیں چلائی جائیں گی سری لنکن ایرلائنس عہدیداروں کا بیان

حیدرآباد ، کولمبو راست پروازوں کا آغاز،ہفتہ میں 4 پروازیں چلائی جائیں گی سری لنکن ایرلائنس عہدیداروں کا بیان

حیدرآباد۔13جولائی (سیاست نیوز) سری لنکن ائیر لائنس نے حیدرآباد ۔کولمبو راست پروازوں کا سلسلہ شروع کیا ہے اور یہ پروازیں ہفتہ میں 4چلائی جائیں گی۔ حیدرآباد سے راست کولمبو کیلئے پرواز کا آغاز شہر حیدرآباد کا ایک اور عالمی شہر سے مربوط ہونے کے مترادف ہے۔ سری لنکن ائیر لائنس کی جانب سے شروع کردہ ان خدمات کے متعلق چیف کمرشیل آفیسر مسٹر شیوا رامچندرن نے بتایا کہ سری لنکن ائیر لائنس کی اس نئی مسافت اور شہر حیدرآباد سے کولمبو تک ہفتہ میں 4پروازیں چلانے کے فیصلہ سے ہند سری لنکا تجارتی اور سیاحتی تعلقات کو فروغ حاصل ہوگا۔ انہوں نے بتایاکہ سری لنکن ائیر لائنس کی جانب سے مسافرین کی آمد و رفت کے علاوہ شہر حیدرآباد کا سفر کرنے والے سری لنکائی شہریو ںکی تعداد کے ساتھ حیدرآبادی مسافرین کی تعداد کا جائزہ لینے کے بعد ہی اس بات کا فیصلہ کیا ہے کہ ہفتہ میں 4راست پروازیں چلائی جائیں۔شہری ہوابازی کے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ حیدرآباد ۔کولمبو راست پروازوں کے آغاز سے ایشیائی ممالک کے درمیان مستحکم تعلقات کا اظہار ہوتا ہے۔ فی الحال ہندستان کے مختلف شہروں سے کولمبو کیلئے راست پروازیں موجود ہیں ۔ جن شہروں سے کولمبو کی پروازیں ہیں ان میں ممبئی ‘ ترچی‘ چینائی‘ نئی دہلی‘ ترویندرم‘ کولکتہ ‘ وارناسی‘ گیا‘ مدورائی ‘ کوچی‘ بنگلورشامل ہیں لیکن اب اس فہرست میں حیدرآباد کا اضافہ ہوا ہے۔سری لنکن ائیرلائنس عہدیداروں کا کہنا ہے کہ اس پرواز کے آغاز سے دونوں شہروں کے درمیان تجارتی تعلقات میں استحکام پیدا ہونے کے ساتھ ساتھ سیاحتی امور کو بھی فروغ حاصل ہوگا۔ شعبہ شہری ہوا بازی کے عہدیداروں نے بتایا کہ شہر حیدرآباد سے ایک اور ملک کے سرکردہ شہر تک راست پروازوں کا آغاز شہری کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کرسکتا ہے۔ سری لنکن ائیر لائنس کے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ فی الحال ائیرلائنس کی جانب سے ہندستان کے 14شہروں سے ہفتہ میں 126 پروازیں چلائی جا رہی ہیں اور ان پروازوں میں مسافرین کی بھی تعداد قابل لحاظ ہے ۔ مسٹر شیوا رامچندرن نے بتایا کہ حیدرآباد سے شروع کی جانے والی کولمبو تک کی راست خدمات سے ائیرلائنس کو کافی امیدیں و توقعات ہیں کیونکہ اس نئی مسافت سے استفادہ کنندگان میں تجارتی برادری زیادہ ہوگی کیونکہ نئی ریاست کے دارالحکومت سے یہ پروازیں شروع کی جا رہی ہیں۔

TOPPOPULARRECENT