Monday , December 11 2017
Home / شہر کی خبریں / حیدرآباد سری سیلم شاہراہ پر سیاحتی مرکز قائم کرنے کا فیصلہ

حیدرآباد سری سیلم شاہراہ پر سیاحتی مرکز قائم کرنے کا فیصلہ

فروغ سیاحت پر حکومت کی توجہ ، قدرتی مناظر کو پرکشش بنایا جائے گا
حیدرآباد۔16اکٹوبر(سیاست نیوز) تلنگانہ کو سیاحتی مرکز کے طور پر فروغ دینے کے اقدامات کے طور پر کئے جانے والے اقدامات میں محکمہ جنگلات و سیاحت کی جانب سے قدرتی نظاروں کی سیاحت کے خواہشمندوں کیلئے حیدرآباد سری سیلم شاہراہ پر خوبصورت نظارہ اور سیاحتی مرکزقائم کیا جا رہا ہے اور امرآباد دومل پینٹا میں محکمہ جنگلات کی جانب سے قدرتی نظاروں کے مشاہدہ اور تصویر کشی کیلئے ایک نئے سیاحتی مقام کو فروغ دیا جارہاہے اور اس سیاحتی مقام پر لوگوں کی آمد و رفت میں زبردست اضافہ ہوتا جا رہا ہے ۔ منانور ڈویژن میں موجود اس نئے سیاحتی مرکز کے ذریعہ سیاح نہ صرف قدرتی نظاروں کی تصویر کشی کر سکتے ہیں بلکہ اس مقام سے دریائے کرشنا کے بہاؤ اور متصل گھنے جنگلات کا بھی مشاہدہ کیا جا سکتا ہے ۔ امرآباد ٹائیگر ریزروز کے حدود میں موجود اس نئے مرکز کے قیام کے متعلق ڈائریکٹر امرآباد ٹائیگر ریزرو مسٹر ایم سی پارگائین نے بتایا کہ اس علاقہ میں سیاحوں کو زیادہ سے زیادہ راغب کرنے کے لئے علاقہ کو ترقی دینے کے مقصد سے یہ اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ محکمہ جنگلات کی جانب سے تیار کئے گئے اس آکٹوپس ویو پوائنٹ کے علاوہ علاقہ کے مشاہدہ کے لئے مزید اونچے مقامات کی تعمیر کے سلسلہ میں اقدامات کئے جائیں گے تاکہ سیاحوں کو اطراف کے نظاروں کے مشاہدہ کی دعوت دی جا سکے۔ قدرتی نظاروں اور ماحول کے درمیان وقت گذارنے کے خواہشمند اور ماحولیاتی سیاحت کے فروغ کے لئے کام کرنے والوں کے لئے یہ ایک منفرد سیاحتی مرکز کے طور پر فروغ دیا جا رہا ہے ۔جنگلاتی علاقہ سے متصل اس سیاحتی مرکز میں محکمہ کی جانب سے بنچس‘ پگوڈا بنائے جائیں گے اور پارکنگ کے لئے بہتر سے بہتر سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے ۔بتایا جاتاہے کہ امرآباد ٹائیگر ریزرو کے توسیعی منصوبہ کے تحت کئے جانے والے اس منصوبہ کو عملی جامہ پہناتے ہوئے واچ ٹاؤر کی تعمیر کو بھی منظوری دیدی گئی ہے اور کہا جارہاہے کہ آئندہ ماہ کے اوائل میں اس واچ ٹاؤر کی تعمیر بھی مکمل کرلی جائے گی۔ ماحولیاتی سیاحت کے سلسلہ میں کئے جانے والے اقدامات کے سلسلہ میں کہا جا رہا ہے کہ ریاستی حکومت کی جانب سے جنگلاتی علاقو ںمیں جنگلی جانوروں کے تحفظ اور جنگلات کے تحفظ کے سلسلہ میں اقدامات کرتے ہوئے ماحول دوست قدرتی تفریحی مراکز کے فروغ کے سلسلہ میں وسیع پیمانے پر منصوبہ بندی کی جا رہی ہے جو کہ ریاست کے ماحولیاتی تحفظ میں کلیدی کردار اداکرے گی۔

TOPPOPULARRECENT