Monday , November 20 2017
Home / شہر کی خبریں / حیدرآباد سکندرآباد میں ٹی آر ایس کی لہر ، حکومت سے عوام کے لیے کئی فلاحی اسکیمات

حیدرآباد سکندرآباد میں ٹی آر ایس کی لہر ، حکومت سے عوام کے لیے کئی فلاحی اسکیمات

اڈہ گٹہ میں غریبوں کے لیے ڈبل بیڈ روم مکانات کا سنگ بنیاد ، وزیر آئی ٹی کے ٹی راما راؤ اور دیگر وزراء کا خطاب
حیدرآباد۔/18ڈسمبر، ( سیاست نیوز) وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما راؤ نے آج حلقہ اسمبلی سکندرآباد کے اڈہ گٹہ علاقہ میں غریبوں کیلئے تعمیر کئے جانے والے ڈبل بیڈ روم مکانات کا سنگ بنیاد رکھا۔ اس تقریب میں ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی، وزراء این نرسمہا ریڈی، پدما راؤ، ٹی سرینواس یادو، اندرا کرن ریڈی کے علاوہ ٹی آر ایس کے مقامی قائدین موجود تھے۔ سکندرآباد کا اڈہ گٹہ علاقہ تلنگانہ تحریک میں خصوصی اہمیت کا حامل ہے۔ ٹی آر ایس کے قیام کے بعد پارٹی کی رکنیت سازی کا اسی علاقہ سے آغاز کیا گیا تھا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کے ٹی راما راؤ نے کہا کہ ڈبل بیڈروم مکانات کی تعمیر دراصل غریب عوام کا ایک خواب ہے۔ انہوں نے کہاکہ سابق میں حکومتوں نے عوام کو جو مکانات فراہم کئے وہ غیر معیاری تھے۔ ایک خاندان کی ضرورت کو پیش نظر رکھتے ہوئے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے ڈبل بیڈ روم کے مکانات فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس اسکیم پر عمل آوری کا آغاز ہوچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسکیم کے استفادہ کنندگان کا انتخاب شفافیت کے ساتھ کیا جائے گا لہذا عوام کو درمیانی افراد کے جھانسہ میں نہیں آنا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی پارٹی سے تعلق رکھنے والے قائدین اگر مکان کے الاٹمنٹ کیلئے رقم کا مطالبہ کریں تو وہ حکومت سے اس کی شکایت کریں۔ انہوں نے کہا کہ تمام مکانات مفت فراہم کئے جائیں گے اور تعمیر کا مکمل خرچ حکومت برداشت کرے گی۔ کے ٹی آر نے حکومت کی فلاحی اسکیمات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ غریبوں کیلئے وظیفہ کی رقم میں اضافہ اور راشن کارڈ پر چاول کی مقدار میں اضافہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سکندرآباد کے اڈہ گٹہ علاقہ میں 8ماہ کے اندر مکانات کی تعمیر کا کام مکمل کرلیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہر مکان میں دو بیڈروم کے علاوہ کچن، ہال اور باتھ روم کی سہولت فراہم کی جارہی ہے۔ کے ٹی آر نے کہا کہ متحدہ ریاست کی تاریخ میں کسی بھی حکومت نے اس قدر زائد پنشن جاری نہیں کئے تھے جو کہ ٹی آر ایس حکومت نے جاری کئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ شادی مبارک اور کلیان لکشمی اسکیمات پر کامیابی سے عمل آوری کی جارہی ہے۔ کے ٹی آر نے عوام سے اپیل کی کہ وہ گریٹر حیدرآباد کے مجوزہ انتخابات میں چیف منسٹر کے ہاتھ مضبوط کریں تاکہ شہر میں غریبوں کی بھلائی کیلئے مزید اسکیمات کا آغاز کیا جاسکے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ حیدرآباد ، سکندرآباد کے حدود میں ٹی آر ایس کی لہر ہے۔ وزیر ہاوزنگ اندرا کرن ریڈی نے بتایا کہ ایک ڈبل بیڈروم مکان کی تعمیر پر 7 لاکھ روپئے خرچ آئے گا۔ حیدرآباد میں ایک لاکھ مکانات کی تعمیر کا منصوبہ ہے اور مقررہ مدت کے دوران ان کی تعمیر مکمل کرلی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہر گھر کو پانی کی سربراہی اور گوداوری سے پائپ لائن کی منتقلی کا کام جلد ہی مکمل ہوجائے گا۔ ڈپٹی چیف منسٹر محمود علی نے کہا کہ کے سی آر ہمیشہ غریبوں کی فلاح و بہبود کی فکر کرتے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گریٹر حیدرآباد کے انتخابات میں عوام ٹی آر ایس کو بھاری اکثریت سے کامیاب کریں گے۔ وزیر داخلہ این نرسمہا ریڈی اور وزیر کمرشیل ٹیکسس سرینواس یادو نے بھی گریٹر انتخابات میں پارٹی کی شاندار کامیابی کا دعویٰ کیا۔

TOPPOPULARRECENT