Tuesday , September 25 2018
Home / شہر کی خبریں / حیدرآباد میں اراضیات پر ناجائز قبضہ جات کے الزامات کی تردید : ٹی ہریش راؤ

حیدرآباد میں اراضیات پر ناجائز قبضہ جات کے الزامات کی تردید : ٹی ہریش راؤ

تلگودیشم رکن اسمبلی ریونت ریڈی کو الزامات ثابت کرنے کا چیلنج، وزیرآبپاشی کا بیان

تلگودیشم رکن اسمبلی ریونت ریڈی کو الزامات ثابت کرنے کا چیلنج، وزیرآبپاشی کا بیان
حیدرآباد۔/3جنوری، ( سیاست نیوز) وزیر آبپاشی ہریش راؤ نے تلگودیشم رکن اسمبلی ریونت ریڈی کے ان الزامات کو مسترد کردیا کہ حیدرآباد میں اراضیات پر ناجائز قبضہ جات کے سلسلہ میں وہ مبینہ طور پر ملوث ہیں۔ اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ہریش راؤ نے کہا کہ پراوین راؤ نامی شخص کے معاملات سے ان کا کوئی تعلق نہیں ہے۔ انہوں نے تلگودیشم قائد کو چیلنج کیا کہ وہ ان پر لگائے گئے الزامات کو ثابت کریں۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں اگر ان کے پاس کوئی ثبوت ہوں تو وہ عوام کے درمیان پیش کریں، اگر ان کا ملوث ہونا ثابت ہوجائے تو وہ کوئی بھی سزا بھگتنے کیلئے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ اراضیات سے متعلق تنازعات میں کبھی بھی شامل نہیں ہوئے ہیں۔ ہریش راؤ نے کہا کہ تلگودیشم قائد کے الزامات پر عوام قطعی بھروسہ نہیں کرسکتے کیونکہ سابق میں بھی ان کی جانب سے لگائے گئے الزامات بے بنیاد ثابت ہوچکے ہیں۔ ریاستی اسمبلی میں انہوں نے ٹی آر ایس رکن پارلیمنٹ کے بارے میں جو الزام عائد کئے تھے وہ بے بنیاد ثابت ہوئے۔ اس طرح عوام میں اُلجھن پیدا کرنے کیلئے تلگودیشم قائد الزامات عائد کررہے ہیں۔ ہریش راؤ نے کہا کہ آندھرا پردیش حکومت پانی کی تقسیم میں تلنگانہ کے ساتھ ناانصافی کیلئے مختلف سازشیں کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرشنا ریور بورڈ کو آندھرا پردیش حکومت کی جانب سے غیر ضروری طور پر نمائندگیاں کی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ حکومت بہت جلد کرشنا واٹر بورڈ کو حقیقی تفصیلات کے ساتھ ایک مکتوب روانہ کرے گی جس میں پانی کی تقسیم میں تلنگانہ کی حصہ داری کی وضاحت کی جائے گی۔ انہوں نے تلنگانہ تلگودیشم قائدین سے سوال کیا کہ وہ دریائے کرشنا کے پانی کے حصول میں تلنگانہ کے ساتھ کی جارہی ناانصافیوں پر خاموش کیوں ہیں، انہیں چاہیئے کہ وہ اس مسئلہ پر چیف منسٹر آندھرا پردیش چندرا بابو نائیڈو سے سوال کریں۔ ہریش راؤ نے کہا کہ بعض افراد جان بوجھ کر ان پر بے بنیاد الزامات عائد کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پراوین راؤ کے مسئلہ پر ان کی جانب سے کسی کو فون کرنے کا معاملہ اگر ثابت ہوتا ہے تو وہ ہر طرح کی تحقیقات کیلئے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بے بنیاد الزامات عائد کرنے والوں کے خلاف وہ قانونی کارروائی کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ تلگودیشم پارٹی تلنگانہ سے ناانصافی کیلئے غیر قانونی طور پر پولاورم پراجکٹ کی بلندی میں اضافہ کے اقدامات کررہی ہے لیکن ٹی آر ایس حکومت اس کی نہ صرف مخالفت کرے گی بلکہ انصاف کیلئے جدوجہد کرے گی۔ کرشنا واٹر بورڈ کو تلنگانہ حکومت کے خلاف وقفہ وقفہ سے نمائندگیاں کی جارہی ہیں جبکہ تلنگانہ حکومت بچاوت ایوارڈ کے عین مطابق دریائے کرشنا کے پانی کے استعمال کے حق میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ قبائیلیوں کی زندگی کو خطرہ پیدا کرتے ہوئے آندھرا پردیش حکومت پولاورم پراجکٹ کی بلندی میں اضافہ کے اقدامات کررہی ہے۔

TOPPOPULARRECENT