Friday , November 24 2017
Home / شہر کی خبریں / حیدرآباد میں انسداد آلودگی مراکز کے قیام کا فیصلہ

حیدرآباد میں انسداد آلودگی مراکز کے قیام کا فیصلہ

دہلی میں آلودگی کی تشویشناک صورتحال کے پیش نظر وزیر جنگلات کا اجلاس
حیدرآباد ۔7 نومبر ( سیاست نیوز) وزیر جنگلات جوگو رامنا نے دہلی میں آلودگی کی بدترین صورتحال کے پیش نظر پولیوشن کنٹرول بورڈ کا ہنگامی اجلاس طلب کرکے شہر کی آلودگی کا جائزہ لیا اور 28انسداد آلودگی سنٹرس قائم کرنے کا فیصلہ کیا ۔ بعدازاں پریس کانفرنس  سے خطاب کرتے ہوئے جوگو رامنا نے کہا کہ دہلی میں آلودگی کی صورتحال تشویشناک ہوگئی ۔ دہلی جیسی حالت حیدرآباد میں نہ ہو‘ اس کی روک تھام کیلئے اجلاس میں تمام احتیاطی اُمور پر غور وخوص کیا گیا ‘ انہیں عہدیداروں نے بتایا کہ حیدرآباد میں آلودگی کی تشویناک صورتحال نہیں ہے باوجود اس کے انسداد آلودگی کیلئے 28سنٹرس قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔شہر حیدرآباد میں سی این جی گاڑیوں کی تعداد میں اضافہ کرنے ‘لمبے عرصہ سے چلنے والی گاڑیوں کو سڑکوں سے ہٹانے آلودگی سے متعلق اشیا کو منتقل کرنے والی گاڑیوں کی جی پی ایس سسٹم سے نگرانی ‘ آلودگی پھیلانے والی فیکٹریوں کی نشاندہی کے علاوہ کئی فیصلے کئے گئے ۔ انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاری کے معاملہ میں تلنگانہ کو سارے ملک میں سرفہرست مقام حاصل ہونے کے بعد حکومت کی ذمہ داریوں میں اضافہ ہوگیا ہے ۔ شہر کے علاوہ ریاست کو آلودگی سے پاک بنانے اقدامات کئے جائیں گے ۔ محکمہ ٹرانسپورٹ و پولیوشن کنٹرول بورڈ عہدیداروں کا اجلاس طلب کرکے مقررہ میعاد سے زیادہ چلی گاڑیوں کو سڑکوں سے ہٹانے کیلئے لائحہ عمل تیار کیا جائے گا ۔ آلودگی پر قابو پانے کیلئے شہر میں سی این جی گاڑیوں کی تعداد میں اضافہ کیا جائے گا ‘ ضرورت پڑنے پر وہ آر ٹی سی انتظامیہ سے بھی مشاورت کریں گے ۔

TOPPOPULARRECENT