Monday , December 18 2017
Home / شہر کی خبریں / حیدرآباد میں سعودی کونسلیٹ کے قیام کی مساعی ، مرکزی حکومت سے نمائندگی

حیدرآباد میں سعودی کونسلیٹ کے قیام کی مساعی ، مرکزی حکومت سے نمائندگی

ناظر رباط ، ایر انڈیا اور دیگر محکمہ جات سے اظہار تشکر ، حجاج کی خدمت پر عہدیداروں کو تہنیت ، محمد محمود علی ڈپٹی چیف منسٹر کا خطاب
حیدرآباد ۔ 5 نومبر (سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی نے کہا کہ حیدرآباد میں سعودی کونسلیٹ کے قیام کیلئے مرکزی حکومت سے نمائندگی کی گئی ہے اور توقع ہیکہ وزارت خارجہ اس تجویز سے اتفاق کرے گا۔ حج 2015ء کے حج کیمپ کے انعقاد میں تعاون کرنے والے مختلف سرکاری محکمہ جات سے اظہارتشکر کیلئے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی چیف منسٹر نے بتایا کہ وہ بہت جلد نئی دہلی کا دورہ کرتے ہوئے وزیرخارجہ سشماسوراج سے ملاقات کریں گے اور حیدرآباد میں سعودی کونسلیٹ کے آغاز پر زور دیں گے۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ بہت جلد حیدرآباد میں سعودی کونسلیٹ کام کرنا شروع کردے گا جس سے نہ صرف حجاج کرام بلکہ معتمرین کیلئے بھی کافی سہولت ہوگی۔ محمد محمود علی نے کہا کہ حیدرآبادی رباط میں آئندہ سال ایک ہزار حجاج کرام کے قیام اور مفت طعام کے انتظامات کئے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ جاریہ سال 597 حجاج کرام کیلئے انتظامات کئے گئے تھے۔ انہوں نے ناظر رباط حسین شریف کی ستائش کی جنہوں نے اپنے طور پر حجاج کرام کیلئے مفت طعام کا انتظام کیا۔ ڈپٹی چیف منسٹر کے مطابق آئندہ سال نظام رباط میں ایک ہزار حجاج کرام کے قیام کی کوشش کی جارہی ہے جبکہ آئندہ 3 برسوں میں تلنگانہ کے تمام حجاج کرام کیلئے رباط کی سہولت حاصل رہے گی۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے مرکزی حج کمیٹی پر زور دیا کہ وہ آئندہ سال تلنگانہ کے حج کوٹہ میں اضافہ کرے۔ انہوں نے بتایا کہ مسلم آبادی کے اعتبار سے تلنگانہ میں آندھراپردیش سے زیادہ مسلم آبادی ہے لیکن جاریہ سال حج کوٹہ کے الاٹمنٹ میں تلنگانہ سے ناانصافی کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ حج کوٹہ میں اضافہ کیلئے مرکز سے نمائندگی کی جائے گی۔ محمد محمود علی نے حج سیزن 2015ء کے کامیاب انعقاد کیلئے تلنگانہ حج کمیٹی اور بالخصوص اسپیشل آفیسر پروفیسر ایس اے شکور کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے تمام محکمہ جات کے تعاون پر اظہارتشکر کیا اور کہا کہ ایرانڈیا کی پروازوں کے بارے میں کئی اندیشوں کا اظہار کیا جارہا تھا لیکن ایرانڈیا نے زبردست کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مقررہ وقت سے قبل ہی پروازوں کی آمد کو یقینی بناتے ہوئے حجاج کرام کا دل جیت لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت آئندہ حج پروازوں کیلئے ایرانڈیا کی پروازیں کے الاٹمنٹ کی نمائندگی کرے گی۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل اور ڈائرکٹر اقلیتی بہبود جلال الدین اکبر کی شبانہ روز مساعی کی ستائش کی۔ انہوں نے کہا کہ جاریہ سال تلنگانہ امبارگیشن پوائنٹ کے انتظامات ملک کے دیگر شہروں سے بہتر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر چندرشیکھر راؤ تمام مذاہب کا احترام کرتے ہیں اور وہ حقیقی معنوں میں سیکولر چیف منسٹر ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ 21 تا 23 نومبر حیدرآباد میں منعقد ہونے والے تبلیغی جماعت کے اجتماع کے سلسلہ میں حکومت نے مفت سہولتوں کی فراہمی کا فیصلہ کیا ہے جبکہ سابق میں انتظامات کے سلسلہ میں حکومت کی جانب سے صرف ڈسکاونٹ کیا جاتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر نے تمام محکمہ جات کو ہدایت دی کہ حجاج کرام کی سہولتوں کی فراہمی میں کوئی کسر باقی نہ رکھی جائے۔ سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل سنٹرل حج کمیٹی کے کوآرڈینیٹر محمد عبدالحق اسسٹنٹ کمشنر کسٹمس نادج بسواس، ایریا منیجر ایرانڈیا رام بابو اور دوسروں نے اظہار خیال کیا۔ پروفیسر ایس اے شکور نے خیرمقدم کیا۔ اس موقع پر 32 محکمہ جات اور اداروں کے عہدیداروں کو بہترین خدمات پر توصیفی سرٹیفکیٹس پیش کئے گئے جن میں پولیس، ریجنل پاسپورٹ آفس، کسٹمس، ایمیگریشن، سی آئی ایس ایف، جی ایم آر، ایر انڈیا، بی ایس این ایل، میڈیکل اینڈ ہیلتھ، جی ایچ ایم سی، روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن، آرٹیکلچر، فائر سرویسیس، وقف بورڈ اور دوسرے شامل ہیں۔

TOPPOPULARRECENT