Friday , February 23 2018
Home / شہر کی خبریں / حیدرآباد میں مسلم پرسنل لا بور ڈ کا آئندہ سال فروری میں اجلاس

حیدرآباد میں مسلم پرسنل لا بور ڈ کا آئندہ سال فروری میں اجلاس

حیدرآباد۔ 14۔ نومبر (سیاست نیوز)شہر حیدرآباد میں آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کا 26 واں 2 روزہ اجلاس آئندہ سال فروری میں منعقد ہوگا۔ اس سلسلہ میں حیدرآباد میں منعقدہ مختلف تنظیموں کے نمائندوں کے اجلاس میں بیرسٹر اسد الدین اویسی رکن پارلیمنٹ حیدرآباد صدر کل ہند مجلس اتحاد المسلمین و رکن عاملہ مسلم پرسنل لا بورڈ کی اس تجویز سے اتفاق کیا گیا تھا کہ اجلاس کو حیدرآباد میں منعقد کرنے کے لئے بورڈ کے صدر مولانا رابع حسنی ندوی اور دیگر ذمہ داران کو تجویز روانہ کی جائے ۔ بیرسٹر اسد الدین اویسی کی جانب سے روانہ کردہ اس تجویز کو بورڈ کے صدر اور دیگر ذمہ داروں نے قبول کرلیا۔ اس اجلاس کے لئے مختلف تنظیموں کے سربراہوں’ ممتاز عمائدین ملت اور نمائندہ شخصیتوں پر مشتمل ایک مجلس استقبالیہ تشکیل دی گئی اور اس مجلس استقبالیہ کا اجلاس عنقریب حیدرآباد میں ہوگا جس میں تمام پروگراموں کو حتمی شکل دی جائے گی۔ ملک کے موجودہ حالات کے تناظر میں حیدرآباد کے اس اجلاس کو کافی اہمیت حاصل ہوگئی ہے کیونکہ دونوں اجتماعات میں ملت اسلامیہ کے اہم عائلی مسائل پر نہ صرف وسیع پیمانے پر غور کیا جائے گا بلکہ ان کے حل کے لئے حکمت عملی مدون کی جائے گی۔ توقع ہے کہ ان اجتماعات میں کئی اہم فیصلے لئے جائیں گے ۔ یہ دونوں اجتماعات ملک کے مسلمانوں کی رہنمائی’ رہبری’ ٹھوس لائحہ عمل مرتب کرنے اور جامع منصوبہ بندی میں کلیدی حیثیت کے حامل ہوں گے ۔ ملک کے موجودہ منظر نامہ اور فرقہ پرست طاقتوں کی جانب سے اختیار کی جارہی مخالف مسلم پالیسیوں و پروگراموں کا مبسوط جواب دینے کے لئے ہئیت ترکیبی کی تدوین میں یہ اجتماعات کلیدی رول ادا کرسکتے ہیں۔ ساتھ ہی ملی مسائل کے حل کے لئے حکومت پر ان اجتماعات کے ذریعہ دباؤ ڈالا جاسکتا ہے ۔ یہاں یہ ذکر بے جا نہ ہوگا کہ اس سے قبل بھی ایک اجلاس حیدرآباد میں منعقد کیا گیا تھا۔ اس وقت جناب سلطان صلاح الدین اویسیؒ صدر کل ہند مجلس اتحاد المسلمین’ مولانا عبدالرحیم قریشی صدر کل ہند مجلس تعمیر ملت’ مولانا سلیمان سکندر نائب صدر کل ہندمجلس تعمیر ملت اور مولانا حمید الدین عاقل حسامی بانی دارالعلوم حیدرآباد بقید حیات تھے ۔

TOPPOPULARRECENT