Saturday , November 18 2017
Home / شہر کی خبریں / حیدرآباد میں مسلم ہاسٹلوں کیلئے اراضی اور رقمی منظوری پر زور

حیدرآباد میں مسلم ہاسٹلوں کیلئے اراضی اور رقمی منظوری پر زور

دیگر طبقات کیلئے حکومت سے کئی سہولتیں ، چیف منسٹر سے فاروق حسین کا مطالبہ
حیدرآباد ۔ 19 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز): کانگریس کے رکن قانون ساز کونسل مسٹر محمد فاروق حسین نے مسلم طلبہ کے لیے شہر حیدرآباد و سکندرآباد میں ہاسٹلس قائم کرنے کے لیے اراضی فراہم کرنے کے علاوہ عمارتوں کی تعمیر کے لیے 40 کروڑ روپئے منظور کرنے کا چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ سے مطالبہ کیا ۔ مسٹر فاروق حسین نے کہا کہ شہر حیدرآباد و سکندرآباد کے علاوہ دونوں شہروں کے اطراف و اکناف کے علاقوں میں ریڈی ، ویلماں ، ویشیا ، مدیراج ، منور کاپو کے علاوہ دوسرے طبقات کے بڑے ہاسٹلس موجود ہیں جہاں ان طبقات کے طلبہ کے لیے قیام و طعام کی تمام سہولتیں میسر ہیں۔ ان سہولتوں سے استفادہ کرتے ہوئے ان طبقات کے طلبہ نے زندگی کے تمام شعبہ حیات میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے ۔ سیاست ، سرکاری ملازمین اور فیصلہ ساز اداروں میں ان کی نمائندگیاں ہیں انہیں اس مقام تک پہونچنے کے لیے شہر و مضافاتی علاقوں میں موجود ہاسٹلس نے کلیدی رول ادا کیا ہے ۔ مسلمان تعلیمی معاشی اور سماجی طور پر کافی پسماندہ ہیں کانگریس حکومت کی فیس ری ایمبرسمنٹ اسکیم اور اسکالر شپس کی بدولت مسلمانوں میں بھی شعور بیدار ہوا ہے تاہم انہیں شہروں میں رہ کر تعلیم حاصل کرنے میں کافی مشکلات پیش آرہی ہیں ۔ لہذا وہ چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ حیدرآباد اور سکندرآباد میں دو مقامات پر مسلم طلبہ کے ہاسٹلس کے لیے اراضی فراہم کریں اور ساتھ ہی عمارتوں کی تعمیرات اور بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے لیے فی کس 20 کروڑ روپئے کے حساب سے 40 کروڑ روپئے منظور کریں ۔ مسٹر محمد فاروق حسین نے کہا کہ انہیں چیف منسٹر کے سی آر پر مکمل بھروسہ ہے وہ مسلم طلبہ کے مفادات کا خیال رکھتے ہوئے اراضی کے ساتھ بلڈنگ کی تعمیرات کے لیے فنڈز بھی جاری کریں گے ۔ مسٹر فاروق حسین نے تمام قائدین کو جماعتی وابستگی سے بالاتر ہو کر اس مسئلہ پر علحدہ علحدہ یا مشترکہ طور پر حکومت سے نمائندگی کرنے پر زور دیا اور علماو مشائخین سے بھی خواہش کی کہ وہ بھی اس معاملے میں پہل کریں اور چیف منسٹر سے ملاقات کرتے ہوئے مسلم ہاسٹلس پر توجہ دلائے ۔۔

TOPPOPULARRECENT