Saturday , November 18 2017
Home / شہر کی خبریں / حیدرآباد میں ممبئی کی طرز پر بلاوقفہ برقی سربراہی کا اعلان : چیف منسٹر

حیدرآباد میں ممبئی کی طرز پر بلاوقفہ برقی سربراہی کا اعلان : چیف منسٹر

دو علحدہ ذخائر آب سے برقی پیداوار کی سہولت ، کارپوریٹرس کے ٹریننگ کیمپ سے کے سی آر کا خطاب
حیدرآباد۔ 11۔ اپریل ( سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے حیدرآباد کو ممبئی کی طرح بلا وقفہ برقی سربراہی کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں شہر کیلئے دو علحدہ ذخائر آب تعمیر کئے جارہے ہیں، جہاں برقی پیداوار کی سہولت حاصل رہے گی۔ چیف منسٹر آج پرگتی ریسارٹس میں گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے نومنتخب ٹی آر ایس کارپوریٹرس کے ٹریننگ پروگرام سے خطاب کر رہے تھے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ممبئی میں ایک سکنڈ کیلئے بھی برقی سربراہی منقطع ہوجائے تو کئی اہم خدمات متاثر ہوجاتی ہیں جن میں ٹرین سرویسز بطور خاص شامل ہیں۔ ٹی آر ایس حکومت حیدرآباد میں بھی بلا وقفہ برقی سربراہی کو یقینی بنائے گی جس کے لئے آئی لینڈ پاور اسٹیشن کے قیام کی تجویز ہے ۔ جس سے گریٹر حیدرآباد میں ایک سکنڈ بھی سربراہی منقطع نہیں ہوگی۔ ممبئی کی طرز پر حیدرآباد میں بھی ائی لینڈ پاور ہاوز تعمیر کئے جائیں گے۔ حکومت نے اس کیلئے جامع منصوبہ تیار کرلیا ہے اور یہ کام جلد مکمل کیاجائے گا۔ آئی لینڈ سسٹم کے تحت شہر کے دونوں جانب پاور سنٹرس موجود رہیں گے اور کسی ایک سنٹر سے برقی سربراہی میں خلل کی صورت میں فوری دوسرے سنٹر سے سربراہی کا آغاز کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد کو عالمی معیار کا شہر بنانے کیلئے جن بنیادی سہولتوں کی ضرورت ہے، اس کیلئے حکومت اقدامات کر رہی ہے۔ چیف منسٹر نے کارپوریٹرس کو عالمی سطح کے بعض شہروں کی مثال پیش کی۔ چیف منسٹر نے بتایا کہ کرشنا اور گوداوری کے پانی سے شہر کی دونوں جانب ذخائر آب تعمیر کئے جارہے ہیں جس سے نہ صرف گریٹر حیدرآباد کے آبی ضرورت کی تکمیل ہوگی بلکہ برقی کی پیداوار ممکن ہوگی۔ پانی کی سربراہی کے ساتھ شہر کیلئے درکار برقی بآسانی تیار کی جاسکے گی۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد کو عالمی معیار کا شہر بنانے کیلئے کارپوریٹرس کو اپنا حصہ ادا کرنا چاہئے۔ انہیں مشترکہ طور پر شہر کی ترقی کا ایکشن پلان تیار کرتے ہوئے حکومت کے تعاون سے اس پر عمل آوری کرنی چاہئے۔

TOPPOPULARRECENT