Saturday , December 16 2017
Home / Top Stories / حیدرآباد میں موسلا دھار بارش ، نشیبی علاقوں میں پانی داخل

حیدرآباد میں موسلا دھار بارش ، نشیبی علاقوں میں پانی داخل

راجندر نگر، قطب اللہ پور اور چارمینار میں کم بارش، سکندرآباد میں درخت گرگئے

حیدرآباد۔9اگسٹ (سیاست نیوز) حیدرآباد میں موسلا دھار بارش نے شہر کی سڑکوں کو جھیل میں تبدیل کردیا اور دونوں شہروں کے بیشتر علاقوں میں پانی جمع ہونے کے علاوہ درختوں کے گرنے کی شکایات موصول ہوئی اور بعض علاقو ںمیں برقی تاروں کے گرنے کی شکایات موصول ہوئی ہیں لیکن اس کوئی ناگہانی واقعہ رونما نہیں ہوا۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے فراہم کردہ اطلاعات کے مطابق 100نمبر کے علاوہ دیگر ذرائع سے جملہ 104شکایات وصول ہوئی ہیں اور ان تمام شکایات کو اندرون 12گھنٹے حل کرلیا گیا ۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق گذشتہ شب رات دیر گئے شروع ہوئی بارش کا سلسلہ دوپہر تک جاری رہا اور آئندہ 48گھنٹوں کے دوران مزید بارش کی پیش قیاسی کی گئی ہے ۔سب سے زیادہ بارش شہر کے علاقہ عنبر پیٹ میں ریکارڈ کی گئی جبکہ راجندرنگر ‘چارمینار‘ قطب اللہ پور کے علاقوں میں کافی کم بارش ریکارڈ کی گئی ۔ صبح کی اولین ساعتوں میں ہونے والی بارش کے سبب شہر کے کئی علاقوں میں پانی جمع ہوجانے کی شکایات موصول ہوتے ہی جی ایچ ایم سی نے ایمرجنسی عملہ کو متحرک کردیا تاکہ ٹریفک جام کے مسائل نہ پیدا ہوں لیکن اس کے باوجود کئی اہم سڑکوں پر بارش کا پانی جمع ہونے کے سبب کئی گھنٹوں تک ٹریفک جام رہی اور طلبہ کو اسکول پہنچنے میں دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا ۔ شہر حیدرآباد میں شدید موسلا دھار بارش کی اطلاع اور سڑکوں پر پانی جمع ہونے کی اطلاع کے ساتھ ہی کمشنر جی ایچ ایم سی ڈاکٹر بی جناردھن ریڈی نے مختلف علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے بارش کے پانی کی نکاسی کے عمل کا جائزہ لیا۔

گولکنڈہ‘ ملکا جگری ‘ سکندرآباد ‘ عنبر پیٹ میں بارش کے سبب درختوں کے گرنے کی وجہ سے ٹریفک اور برقی سربراہی میں خلل پیدا ہوا جسے دور کرنے کے لئے کمشنر جی ایچ ایم سی کی راست نگرانی میں محکمہ برقی کے عہدیداروں نے گرے ہوئے درختوں کو ہٹاتے ہوئے برقی بحالی کو ممکن بنایا۔ محکمہ موسمیات کی پیش قیاسی کے مطابق آئندہ 48گھنٹوں کے دوران بھی ہلکی اور تیز بارش ریکارڈ کی جائے گی ۔ شہر میں ہوئی موسلا دھار بارش کے سبب اسکولو ںمیں طلبہ کی تعداد کم دیکھی گئی اور دفاتر میں بھی حاضری کم رہی۔منگل اور چہار شنبہ کی درمیانی شب شروع ہوئی بارش کاسلسلہ صبح 9تا 10شدت اختیار کرگئی اور ہلکی اور تیز بارش کا یہ سلسلہ دوپہر ایک بجے تک جاری رہا۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد نے شہر میں مزید بارش کی پیش قیاسی کے پیش نظر ہمہ وقت کنٹرول کی خدمات شروع کردی ہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے فوری طور پر نمٹا جاسکے۔

TOPPOPULARRECENT