Tuesday , October 23 2018
Home / جرائم و حادثات / حیدرآباد میں گلوبل انٹرپرینر شپ چوٹی کانفرنس کے انتظامات

حیدرآباد میں گلوبل انٹرپرینر شپ چوٹی کانفرنس کے انتظامات

روڈی شیٹرس اور مشتبہ افراد کے خلاف کارروائی ، پولیس کا کارڈن سرچ ، کئی افراد زیر حراست
حیدرآباد /10 نومبر ( سیاست نیوز ) جاریہ ماہ حیدرآباد میں منعقد ہونے والے گلوبل انٹرپرینر شپ چوٹی کانفرنس میں صدر امریکہ ڈونالڈ ٹرمپ کی دختر ایوانکا ٹرمپ کی شرکت کے پیش نظر فلک نما پولیس نے آج مختلف علاقوں میں کارڈن سرچ آپریشن کیا جس میں مشتبہ افراد اور روڈی شیٹرس کو حراست میں لیا گیا ۔ ڈپٹی کمشنر پولیس ساؤتھ زون مسٹر وی ستیہ نارائنا کی زیر نگرانی 300 پولیس فورس پر مشتمل پولیس ٹیموں نے علاقہ فاروق نگر ، فاطمہ نگر ، بی بی کا چشمہ اور چندرائن گٹہ کے علاقہ ہاشم آباد ، الجبیل کالونی اور جنگم میٹ علاقہ میں صبح کی اولین ساعتوں میں گھر گھر تلاشی مہم چلائی ۔ اس آپریشن میں 27 روڈی شیٹرس کے علاوہ 32 مشتبہ افراد جن کے خلاف مختلف مقدمات اور غیر ضمانتی وارنٹس زیر التواء ہیں کو حراست میں لے لیا گیا ۔ پولیس نے اس کارروائی کے دوران 34 موٹر سائیکلیں اور تین آٹوز کو بھی ضبط کرلیا جن کے دستاویزات موجود نہیں تھے ۔ 29 تا 30 نومبر شہر میں منعقد ہونے والے جی ای ایس چوٹی کانفرنس کے موقع پر ریاستی حکومت کی جانب سے وزیر اعظم ہندوستان اور صدر امریکہ کی دختر ایوانکا ٹرمپ تاریخی فلک نما پیالیس میں طعام کا انتظام کیا گیا ہے ۔ اس موقع پر امریکہ سیکٹریٹ سرویس کے علاوہ اسپیشل پروٹیکشن گروپ کیلئے انٹلی جنس سیکوریٹی ونگس اور سٹی سیکوریٹی ونگس کی ٹیموں نے تاج فلک نما پیالیس کی سیکوریٹی کی ذمہ داری حاصل کرلی ہے اور پیالیس کے اطراف و اکناف علاقوں میں پولیس گشت میں شدت پیدا کردی ہے ۔ ڈپٹی کمشنر پولیس ساؤتھ زون مسٹر وی ستیہ نارائنا نے بتایا کہ عوام کی اپیل کی جارہی ہے کہ وہ آئندہ 20 دن کے دوران کسی اجنبی کو اپنے مکان میں کرایہ دار یا کسی بھی قسم کی پناہ نہ دیں ۔ انہوں نے کہا کہ چوٹی کانفرنس کے موقع پر شہر کو آنے والے وی وی آئی پیز کی سیکوریٹی میں کوئی کوتاہی برتی نہیں جائے گی اور کارڈن سرچ آپریشن کی کارروائی جاری رہے گی ۔

Top Stories

TOPPOPULARRECENT