Saturday , January 20 2018
Home / شہر کی خبریں / حیدرآباد و سکندرآباد میں غیرمعلنہ برقی کٹوتی سے عوام کو شدید تکالیف کا سامنا

حیدرآباد و سکندرآباد میں غیرمعلنہ برقی کٹوتی سے عوام کو شدید تکالیف کا سامنا

گرمی کی شدت میں ریکارڈ اضافہ، محکمہ برقی کی لاپرواہی پر عوام برہم

گرمی کی شدت میں ریکارڈ اضافہ، محکمہ برقی کی لاپرواہی پر عوام برہم
حیدرآباد ۔ 22 مئی (سیاست نیوز) دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد کے مختلف علاقوں میں غیرمعلنہ برقی کٹوتی روز کا معمول بن چکی ہے۔ کئی علاقوں سے عوام اس بات کی شکایت کررہے ہیں رات کے اوقات میں کئی کئی گھنٹوں تک برقی سربراہی بند کی جارہی ہے جس کے سبب عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ گذشتہ چند یوم سے دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد کے علاوہ ریاست کے کئی علاقوں میں گرمی کی شدت میں مسلسل اضافہ ریکارڈ کیا جارہا ہے لیکن اس اضافہ سے نمٹنے کیلئے برقی پنکھوں یا آلات کے علاوہ عوام کے پاس کوئی دوسرا راستہ نہیں ہے، اس کے باوجود محکمہ برقی کی جانب سے اختیار کردہ لاپرواہی والا رویہ عوام کیلئے مشکل کا سبب بن رہا ہے۔ گذشتہ شب پرانے شہر کے علاقوں شاہ علی بنڈہ، لال دروازہ، مغلپورہ، انجن باؤلی، فلک نما میں رات تقریباً 3 گھنٹے سے زائد برقی سربراہی منقطع رہی جبکہ نئے شہر کے علاقوں مانصاحب ٹینک، فرسٹ لانسر، ہمایوں نگر، وجئے نگر کالونی، صابر نگر میں زائد از دو گھنٹے برقی سربراہی منقطع رہی۔ محکمہ برقی کے عہدیداروں سے شکایت کے باوجود کئی گھنٹوں تک ان علاقوں میں برقی سربراہی بحال نہیں ہو پائی۔ بتایا جاتا ہیکہ موسم گرما کے دوران اعلیٰ عہدیداروں نے ماتحتین کو برقی کٹوتی کی زبانی ہدایت جاری کی ہے، جس کے سبب پرانے شہر و نئے شہر کے مخصوص علاقوں میں برقی سربراہی منقطع کی جارہی ہے۔ چند ہفتہ قبل برقی کٹوتی سے متعلق شکایات موصول ہونے پر یہ کہا جارہا تھا کہ کنٹراکٹ ملازمین کی ہڑتال کے سبب برقی سربراہی متاثر ہورہی ہے لیکن اب جبکہ کنٹراکٹ ملازمین کی ہڑتال ختم ہوچکی ہے، اس کے باوجود برقی سربراہی منقطع ہونے اور کئی گھنٹوں تک منقطع رہنے کا سلسلہ جاری ہے لیکن کوئی اقدامات نہیں کئے جارہے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT