Sunday , December 17 2017
Home / کھیل کی خبریں / حیدرآباد کا آج گھریلو میدان میں گجرات سے مقابلہ

حیدرآباد کا آج گھریلو میدان میں گجرات سے مقابلہ

یوراج سنگھ کی میزبان ٹیم میں واپسی ممکن

حیدرآباد ۔ 5 مئی (سیاست ڈاٹ کام) گجرات لائنس کی ٹیم جسے گذشتہ دو مقابلوں میں یکے بعد دیگرے دو ناکامیاں برداشت کرنی پڑی ہیں وہ کل یہاں میزبان ٹیم سن رائزرس حیدرآباد کے خلاف کامیابی کی سمت واپسی کی خواہاں ہے جبکہ میزبان ٹیم نے ہندوستانی آل راونڈر یوراج سنگھ کی واپسی ممکن ہے۔ یوراج سنگھ جوکہ ٹوئنٹی 20 ورلڈ میں آسٹریلیا کے خلاف کھیلے گئے مقابلے میں زخمی ہوئے تھے اور اس کے بعد سے انہوں نے کوئی مقابلہ نہیں کھیلا ہے اور رواں آئی پی ایل میں وہ کل پہلا مقابلہ کھیل سکتے ہیں۔ یوراج سنگھ نے پہلے ہی اس امید کا اظہار کردیا ہیکہ وہ کل کے مقابلہ میں شرکت کریں گے اور وہ شہر میں بھی موجود ہیں۔ گجرات آف لائنس جوکہ رواں ٹورنمنٹ میں پہلی مرتبہ شرکت کررہی ہے اور اس نے ٹورنمنٹ کا آغاز بھی شاندار انداز میں کیا ہے لیکن گذشتہ دو مقابلوں میں اسے کنگس الیون پنجاب اور دہلی ڈیر ڈیولس کے خلاف ناکامیاں برداشت کرنی پڑی ہیں اور وہ امید کررہی ہیکہ گھریلو میدان میں ہوئی مذکورہ ناکامیوں کو پیچھے چھوڑتے ہوئے وہ حیدرآباد میں کامیابی حاصل کرے گی۔

سریش رائنا کی زیرقیادت گجرات لائنس کی ٹیم نے توقعات سے زیادہ بہتر مظاہرے کرتے ہوئے ٹیموں کے جدول میں پہلا مقام بھی حاصل کیا ہے۔ دوسری جانب سن رائزرس حیدرآباد نے اپنے گذشتہ مقابلہ میں میزبان رائل چیلنجرس بنگلور کو 15 رنز کی شکست دی ہے۔ گجرات لائنس کو گذشتہ دو مقابلوں میں ہوئی ناکامیوں کے باوجود ٹیموں کے جدول میں دوسرا مقام حاصل ہے کیونکہ 9 مقابلوں میں اس نے 6 فتوحات حاصل کی ہے جبکہ پانچویں مقام پر حیدرآبادی ٹیم فائز ہے۔ کل یہاں حیدرآباد کے راجیو گاندھی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے مقابلہ میں سن رائزرس حیدرآباد کو نفسیاتی برتری حاصل رہے گی کیونکہ 21 اپریل کو جب ان دو ٹیموں کے درمیان گذشتہ مقابلہ ہوا تھا تو ڈیوڈ وارنر کی زیرقیادت حیدرآباد ٹیم نے 10 وکٹوں کی شاندار کامیابی حاصل کی تھی۔ سن رائزرس حیدرآباد نے رواں سیزن کا ناقص آغاز ضرور کیا لیکن اس نے فوری طور پر بولنگ اور بیٹنگ شعبہ میں موجود خامیوں اور مسائل پر قابو پاتے ہوئے فتوحات کی سمت خود کو آگے بڑھا دیا ہے۔ کپتان ڈیوڈ وارنر ٹیم کیلئے مثالی مظاہرہ کررہے ہیں جیسا کہ انہوں نے گذشتہ مقابلہ میں 50 گیندوں میں 92 رنز کی اننگز کھیلتے ہوئے بنگلور کے خلاف ٹیم کو ایک بہتر اسکور فراہم کیا تھا۔ وارنر ٹورنمنٹ کے دوران سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑیوں میں ہندوستانی کپتان ویراٹ کوہلی کے ساتھ آنکھ مچولی کھیل رہے ہیں کیونکہ کبھی ویراٹ تو کبھی وارنر سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹسمینوں کی فہرست میں پہلے مقام پر فائز ہورہے ہیں۔ حیدرآباد کیلئے نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن کا زخموں سے صحتیاب ہوکر ٹیم میں شامل ہونا خوش آئند ہے کیونکہ آر سی بی کے خلاف انہوں نے 38 گیندوں میں 50 رنز اسکور کئے اور وہ ولیمسن کا رواں ٹورنمنٹ میں پہلا مقابلہ تھا۔ موسیس ہنریک، نمن اوجھا اور دیپک ہوڈا کے مظاہرے قابل ستائش ہیں اور یوراج کی دستیابی سے اس کا مڈل آرڈر مزید مستحکم ہوجائے گا۔

TOPPOPULARRECENT