Friday , November 24 2017
Home / شہر کی خبریں / حیدرآباد کو محفوظ شہر بنانے کی کوششوں میں پیشرفت

حیدرآباد کو محفوظ شہر بنانے کی کوششوں میں پیشرفت

پانچ پولیس گاڑیوں پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب ۔ کمشنر پولیس مہیندر ریڈی نے جھنڈی دکھائی
حیدرآباد 19 ستمبر ( پی ٹی آئی ) حیدرآباد کو ایک محفوظ اور پرسکون شہر بنانے کی کوشش کے طور پر حیدرآباد سٹی پولیس نے گاڑیوں پر نصب سی سی ٹی وی کیمروں کا آج آعاز کیا ۔ کمشنر سٹی پولیس ایم مہیندر ریڈی نے ٹینک بنڈ پر آج سی سی ٹی وی کیمرے نصب پانچ گاڑیوں کو جھنڈی دکھاکر روانہ کیا ۔ انہوں نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ بہت جلد شہر میں پٹرولنگ کرنے والی پولیس تمام 120 گاڑیوں پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے جائیں گے ۔ اس کے علاوہ پولیس انٹرسپٹر گاڑیاں بھی شروع کی جائیں گی ۔ حیدرآباد کمشنر پولیس نے کہا کہ گنیش تہوار اور مجوزہ عیدالاضحی کے پیش نظر پانچ گاڑیوں پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے گئے ہیں اور سکیوریٹی انتظامات کے طور پر ان گاڑیوں کو متحرک کردیا گیا ہے ۔ مسٹر مہیندر ریڈی نے بتایا کہ گاڑیوں پر جو سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے گئے ہیں ان کے ذریعہ 360 ڈگری پر منظر قید کیا جاسکتا ہے اور جو فوٹیج بنتا ہے اسے پندرہ دن تک اسٹور رکھا جاسکتا ہے ۔ اس طرح کی گاڑیوں کو کمان کنٹرول سنٹر سے مربوط کیا جائیگا جہاں سے ان کیمروں میں قید کئے گئے فوٹیج کا مشاہدہ کیا جاسکتا ہے ۔ حسین ساگر جھیل میں گنیش مورتیوں کے وسرجن کے پروگرام کو دیکھتے ہوئے ٹینک بنڈ کے قریب آج کمان کنٹرول سنٹر کا بھی افتتاح عمل میں لایا گیا ہے ۔ مہیندر ریڈی نے کہا کہ اس پراجیکٹ کے نتیجہ میں حیدرآباد کو ایک پرسکون اور محفوظ شہر بنانے کی کوششوں میں مدد ملے گی ۔ موبائیل نگرانی کے تحت سی سی ٹی وی کیمرے والی گاڑیاں مختلف علاقوں تک پھیل کر فلمبندی کرینگی ۔ کمشنر پولیس نے کہا کہ اس کے نتیجہ میں غیر سماجی عناصر پر نظر رکھی جاسکتی ہے اور چوکسی میں بھی اضافہ ہوگا۔ غیر سماجی عناصر کو حالات کو بگاڑنے کا موقع بھی نہیں ملے گا ۔ اس کے علاوہ ان کیمروں کے نتیجہ میں کسی طرح کے ناخوشگوار واقعہ کو بھی روکنے میں مدد مل سکتی ہے ۔

TOPPOPULARRECENT