Friday , November 24 2017
Home / شہر کی خبریں / حیدرآباد کی آبادی ایک کروڑلیکن بنیادی سہولتوں کا فقدان

حیدرآباد کی آبادی ایک کروڑلیکن بنیادی سہولتوں کا فقدان

سڑکیں ابتر ‘ سرکاری بیت الخلاء بھی میسر نہیں‘ کارپوریٹرس سے کے سی آر کا خطاب

حیدرآباد۔ 11۔ اپریل ( سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے گریٹر حیدرآباد میں عوام کو بنیادی سہولتوں کی کمی اور بیشتر سلم علاقوں کی ابتر صورتحال کا اعتراف کرتے ہوئے نومنتخب ٹی آر ایس کارپوریٹرس کو مشورہ دیا کہ وہ شہر کی ترقی کیلئے بنیادی سطح سے مسائل کا جائزہ لیں۔ تمام کارپوریٹرس شہر کے سلم علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے اپنے کام کا آغاز کریں تاکہ انہیں بنیادی ضرورتوں سے واقفیت حاصل ہو۔ حکومت بنیادی سہولتوںکی فراہمی کیلئے 100 کروڑ روپئے جاری کرنے تیار ہے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ سلم علاقوں سے ترقی کا آغاز ہو تو شہر کو منصوبہ بند طریقہ سے ترقی دی جاسکتی ہے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ شہر کی آبادی تقریباً ایک کروڑ تک پہنچ چکی ہے اور ان کے لئے درکار
بنیادی سہولتیں میسر نہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کیلئے نہ ہی ضرورت کے مطابق مارکٹ یارڈس موجود ہیں اور نہ ہی سرکاری بیت الخلاء ہیں۔ اضلاع سے حیدرآباد پہنچنے والے افراد کو بنیادی سہولتوں کی کمی کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہر کی سڑکوں کی حالت ابتر ہے اور آر ٹی سی بسوں کیلئے بس بیزکی کمی ہے جس کے نتیجہ میں مصروف علاقوں میں آر ٹی سی بسوں کیلئے عوام کا ہجوم دیکھا جاتا ہے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کی آمدنی کا ایک ایک پیسہ شہر کی ترقی پر خرچ ہونا چاہئے اور بے قاعدگیوں کیلئے کوئی گنجائش نہ ہو۔ انہوں نے میئر حیدرآباد کو ہدایت دی کہ وہ کوئی بھی فیصلہ کارپوریٹرس سے مشاورت کے بغیر نہ کریں اور بلدیہ کے ہر کام میں مکمل شفافیت ہونی چاہئے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ جس طرح رکن اسمبلی ساری ریاست کے عوام کا نمائندہ ہوتا ہے ، اسی طرح کارپوریٹر بھی سارے شہر کا نمائندہ ہے، اسے صرف اپنے حلقہ کے بجائے سارے شہر کی فکر کرنی چاہئے ۔ جب تک یہ جذبہ پیدا نہیں ہوگا ، اس وقت تک شہر کی ترقی ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ  حیدرآباد کی تاریخ میں پنڈت جواہر لال نہروکے دور کے بعد یہ دوسرا موقع ہے جب کسی ایک پارٹی نے بلدیہ پر تنہا اقتدار حاصل کیا۔ انہوں نے کہا کہ 150 کے منجملہ 99 نشستوں پر ٹی آر ایس کی کامیابی سے کارپوریٹرس کی ذمہ داریوں میں مزید اضافہ ہوچکا ہے ۔      ( سلسلہ صفحہ 8پر )

TOPPOPULARRECENT