Wednesday , September 19 2018
Home / شہر کی خبریں / حیدرآباد کی حالت ’ اوپر شیروانی ۔ اندر پریشانی ‘ جیسی

حیدرآباد کی حالت ’ اوپر شیروانی ۔ اندر پریشانی ‘ جیسی

تمام مسائل کی یکسوئی کیلئے کوششوں کا تیقن ۔ چیف منسٹر کا مضافاتی علاقہ کا دورہ

تمام مسائل کی یکسوئی کیلئے کوششوں کا تیقن ۔ چیف منسٹر کا مضافاتی علاقہ کا دورہ
حیدرآباد 15 مارچ (سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راو نے شہر حیدرآباد کی موجودہ حالت پر تاسف کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حیدرآباد کی حالت ’’اوپر شیروانی اندر پریشانی‘‘ کے مانند ہوچکی ہے۔ لہذا اس حالت میں بہتری پیدا کرنے نہ صرف وہ بلکہ اعلی عہدیداروں بشمول آئی اے ایس و آئی پی ایس عہدیدار ہر ایک بستی میں گھوم پھر کر مسائل سے واقفیت حاصل کر کے ان مسائل کی عاجلانہ یکسوئی کیلئے اقدامات کرنے کوشاں ہیں ۔ انہوں نے عوام کو مشورہ دیا کہ وہ صرف اپنے مکان کے روبرو صفائی پر توجہ دینے کی بجائے اپنی گلی کو صاف ستھرا رکھنے اہمیت دیں اور سڑکوں پر کچرا ڈالنے سے گریز کرنے کی عوام کو تلقین کی ۔ چیف منسٹر ںنے آج اچانک شہر کے مضافاتی علاقہ ناگول کا دورہ کیا ۔ انہوں نے ممتا نگر کالونی کے شہریوں سے ملاقات کر کے مختلف مسائل سے واقفیت حاصل کی اور وینکٹ رمنا کالونی کا بھی دورہ کیا ۔ اس سے قبل چندر شیکھر راو نے اسی کالونی میں پودوں کی شجر کاری پروگرام میں بھی حصہ لیا اور عوام سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اپنی بستی کی بہتری اور صفائی کیلئے ہمیں خود کمر بستہ ہونے کی ضرورت ہے ۔ بستی کے عوام خود متحدہ طور پر کوشش کریں تو کالونیاں اچھی حالت میں رہیں گی ۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں غیر مجاز قبضوں کا پردہ فاش کریں گے ۔ چیف منسٹر نے بستی کی صفائی وغیرہ میں عوامی دلچسپی کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ بی ایچ ای ایل کے پاس ’پرگتی ریسارٹس‘ میں ایک مچھر بھی نہیں ہے کیونکہ اس مقام پر اتنے اچھے انداز میں صحت و صفائی کے انتظامات کئے گئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پرگتی نگر کے خطوط پر ہربل پلانٹس کے ذریعہ کالونی کے پارکس کو ترقی دی جائے گی ۔ مسٹر چندر شیکھر راو نے کہا کہ جی ایچ ایم سی عہدیدار کالونیوں میں گھر گھر پلاسٹک کے ڈبے فراہم کریں گے اور ان ڈبوں میں کچرا جمع کر کے کنڈیوں میں ڈالنے کی عوام سے اپیل کی ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ عوام سکیوریٹی کو پیش نظر رکھتے ہوئے اپنے مکانات و آس پاس سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب عمل میں لائیں ۔ چیف منسٹر نے عوام پر زور دیا کہ وہ ازخود زائد مصارف کے ذریعہ سی سی ٹی وی کیمرے نصب نہ کرسکیں تو کالونی کے مکین آپس میں چندے کرکے سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب عمل میں لائیں ۔ انہوں نے کہا کہ سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب سے جرائم ‘ سرقہ کی وارداتوں اور لڑکیوں سے چھیڑ چھاڑ کے واقعات کو روکا اسکتا ہے ۔ اس کے علاوہ خاطیوں کا پتہ آسانی کے ساتھ مل جائے تو انہیں سخت سزا دلائی جاسکے گی ۔ ان کے ہمراہ اعلی عہدیدار وغیرہ بھی موجود تھے ۔

TOPPOPULARRECENT