Saturday , November 17 2018
Home / Top Stories / حیدرآباد کے نام پر فخر : رینوکا چودھری

حیدرآباد کے نام پر فخر : رینوکا چودھری

راجہ سنگھ کے بیان پر کانگریس رکن راجیہ سبھا کا ردعمل
حیدرآباد ۔ 9 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز ) : سابق مرکزی وزیر و کانگریس کی رکن راجیہ سبھا رینوکا چودھری نے کہا کہ شہر حیدرآباد کے نام پر انہیں فخر ہے ۔ نام تبدیل کرنے کی ہرگز کوئی ضرورت نہیں ہے ۔ بی جے پی کے سابق رکن اسمبلی راجہ سنگھ کی جانب سے تلنگانہ میں بی جے پی کی حکومت تشکیل پانے کے بعد حیدرآباد کے بشمول مسلم ناموں سے موسوم شہروں کے نام تبدیل کرنے کا اعلان کرنے پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے رینوکا چودھری نے کہا کہ راجہ سنگھ کون ہے اور وہ ہوتے کون ہیں نام تبدیل کرنے والے ؟ انہیں ( رینوکا چودھری ) کو حیدرآباد کا نام پسند ہے اور وہ اس نام پر فخر کرتی ہیں ۔ رینوکا چودھری نے شہر حیدرآباد کا نام تبدیل کرنے کا اعلان کرنے والے راجہ سنگھ کو اپنا نام تبدیل کرلینے کا مشورہ دیا ۔ راجہ سنگھ اپنا نام تبدیل کرلیتے ہیں تو کسی کو کوئی اعتراض نہیں ہوگا ۔ کانگریس کی شعلہ بیان مقرر رینوکا چودھری نے کہا کہ تلنگانہ میں بی جے پی کا کوئی وجود نہیں ہے خود راجہ سنگھ اس مرتبہ اپنے اسمبلی حلقہ سے کامیاب نہیں ہوپائیں گے ۔ بی جے پی تلنگانہ میں حکومت تشکیل دینے کا خواب دیکھ رہی ہے ۔ عظیم اتحاد کی تشکیل کا جس وقت فیصلہ ہوا تھا اسی وقت ٹی آر ایس کو شکست ہوگئی تھی ۔ 7 دسمبر کی رائے دہی انتخابی عمل کے ضابطے کی کارروائی ہے ۔ 12 دسمبر کو کانگریس کے زیر قیادت عظیم اتحاد کی حکومت قائم ہوجائے گی ۔ عظیم اتحاد میں نشستوں کی تقسیم پر حلیف جماعتوں میں پائے جانے والے اختلاف رائے اور ٹکٹ سے محروم ہونے والے کانگریس قائدین میں پائے جانے والی ناراضگی کے بارے میں پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے رینوکا چودھری نے کہا کہ پارٹی کو کامیاب بنانے کے لیے ضرورت پڑنے پر وہ بھی قربانی دینے کے لیے تیار ہیں ۔ مقابلہ نہ کرنے پر انہیں کوئی افسوس نہیں ہوگا ۔ وہ پارٹی ہائی کمان کے ہر فیصلے کو قبول کریں گی ۔ جس کو بھی ٹکٹ مل رہا ہے ۔ اس کی کامیابی کے لیے کام کریں گی صدر کانگریس راہول گاندھی نے ضلع کھمم کی سیاسی صورتحال پر ان سے اور دوسرے قائدین سے تبادلہ خیال کیا ہے ۔ وہ پارٹی کے حکم کے مطابق کام کریں گی ۔۔

TOPPOPULARRECENT