Tuesday , November 21 2017
Home / شہر کی خبریں / حیدرآبادی رباط مکہ معظمہ میں عازمین حج کا قیام 19 جولائی کو چو محلہ پیالیس خلوت میں قرعہ اندازی

حیدرآبادی رباط مکہ معظمہ میں عازمین حج کا قیام 19 جولائی کو چو محلہ پیالیس خلوت میں قرعہ اندازی

حیدرآباد۔/16 جولائی، ( سیاست نیوز) تلنگانہ حج کمیٹی کی جانب سے مکہ معظمہ کی حیدرآبادی رباط میں قیام کیلئے عزیزیہ زمرہ کے عازمین کی قرعہ اندازی 19 جولائی کو 4بجے دن چو محلہ پیالیس خلوت میں ہوگی۔ ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی اور ناظر رباط حسین محمد الشریف اس موقع پر موجود رہیں گے۔ اسپیشل آفیسر حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور کے مطابق تلنگانہ، مہاراشٹرا اور کرناٹک کے 21 اضلاع کے عزیزیہ زمرہ کے عازمین کی قرعہ اندازی کے ذریعہ 678 عازمین کا انتخاب کیا جائے گا۔ حج کمیٹی نے ابتداء میں ہر ضلع میں آبادی کے لحاظ سے رباط کا کوٹہ الاٹ کرتے ہوئے قرعہ اندازی کی تجویز رکھی تھی تاہم بعد میں فیصلہ کیا گیا کہ تمام درخواست گذاروں کے کور نمبرس کی قرعہ اندازی ایک ساتھ کردی جائے۔ قرعہ اندازی کیلئے سنٹرل حج کمیٹی کی جانب سے آن لائن سہولت فراہم کی جائے گی۔ جاریہ سال ناظر رباط کو 678 عازمین کے قیام کی اجازت اور اس کی تصریح حاصل ہوئی ہے۔ عزیزیہ زمرہ سے تلنگانہ میں 1924 درخواستیں داخل کی گئی ہیں جن میں حیدرآباد سے داخل کردہ درخواستوں کی تعداد 1271 ہے۔ اس کے علاوہ مہاراشٹرا سے 1685اور کرناٹک سے 383 درخواستیں عزیزیہ زمرہ میں داخل ہوئی ہیں۔ نظام حیدرآباد نے ریاست حیدرآباد کے عازمین کی سہولت کیلئے رباط قائم کی تھی لہذا سابق ریاست حیدرآباد کے تمام اضلاع کو قرعہ اندازی میں شامل کیا جاتا ہے۔ تلنگانہ کے 10 اضلاع کے علاوہ مہاراشٹرا کے اورنگ آباد، بیڑھ، لاتور، عثمان آباد، جالنہ، ناندیڑ اور پربھنی اضلاع کو قرعہ اندازی میں شامل کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ کرناٹک کے بیدر، گلبرگہ، رائچور اور یادگیر کے عزیزیہ زمرہ کے عازمین بھی قرعہ اندازی میں شامل ہوں گے۔ ناظر رباط حسین الشریف نے گذشتہ سال سے بہتر انتظامات کا تیقن دیا ہے۔

TOPPOPULARRECENT