Sunday , November 19 2017
Home / کھیل کی خبریں / حیدرآبادی ٹینس کھلاڑیوں کو اسپینی کوچس سے استفادہ کا موقع

حیدرآبادی ٹینس کھلاڑیوں کو اسپینی کوچس سے استفادہ کا موقع

اسپورٹس ولیج کے ویب سائیٹ کا آغاز، دو ہفتے طویل کوچنگ کیمپ کا 28 نومبر کوآغاز

حیدرآباد 15 اکٹوبر (سیاست نیوز) ہندوستان بالخصوص شہر حیدرآباد میں عالمی سطح کے ممتاز کوچس کے ذریعہ گراونڈ ٹینس کھیل کو فروغ دینے اور بہتر صلاحیتوں کے حامل کھلاڑیوں کو اُبھارنے کے مقصد سے قائم کردہ ادارہ ’’اسپورٹس ولیج‘‘ کے ویب سائٹ کا آج باقاعدہ طور پر مسٹر محمد خلیل احمد ممتاز صنعتکار نے آغاز کیا۔ اس موقع پر سابق وزیر متحدہ آندھراپردیش و سابق ڈائرکٹر سی بی آئی مسٹر کے وجئے راما راؤ، ممتاز ٹینس کھلاڑی بھارگوا ، ابھرتی ٹینس کھلاڑی مس انوشکا بھارگوا بھی موجود تھے۔ اس سلسلہ میں منعقدہ ایک سادہ لیکن پراثر تقریب سے خطاب کیا اور مسرس کے وجئے راما راؤ، محمد خلیل احمد، بھارگوا اور انوشکا بھارگوا نے ادارہ ویلیج اسپورٹس کے چیف ایکزیکٹیو آفیسر کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور اس ادارہ کے مقاصد کی زبردست ستائش کی۔ مسٹر وجئے راما راؤ نے کہاکہ سابق میں اولمپک کھیلوں بالخصوص فٹبال اور ہاکی میں حیدرآباد کے کھلاڑیوں کی نمائندگی ہوا کرتی تھی اور حالیہ عرصہ کے دوران ثانیہ مرزا، سائنا نہوال اور دیگر نے ہندوستان بلکہ شہر حیدرآباد کا نام عالمی سطح پر اسپورٹس کے نقشہ میں شامل کروایا

اور ان کھلاڑیوں نے اپنی شاندار کارکردگی و صلاحیتوں کے ذریعہ اپنا لوہا منوایا اور کہاکہ فی الوقت ریاست تلنگانہ سے عالمی سطح کے اسپورٹس (ٹینس) میں ثانیہ مرزا ایک رول ماڈل ثابت ہوئی ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ عالمی سطح کے نامور کوچس کے ذریعہ شہر حیدرآباد میں اُبھرتے ہوئے ٹینس کھلاڑیوں کی بہتر تربیت کے ذریعہ ان کی صلاحیتوں کو اُبھارنے اور نئے کھلاڑیوں کی مکمل ہمت افزائی کے لئے ویلیج اسپورٹس ادارہ کی کوشش انتہائی خوش آئند اقدام ہوگا۔ ولیج اسپورٹس ادارہ نے اسپین اور سوئٹزر لینڈ سے تعلق رکھنے والے عالمی معیار کے ٹینس کوچس کے ذریعہ شہر حیدرآباد میں 28 نومبر تا 12 ڈسمبر دو ہفتوں طویل ٹینس کوچنگ کیمپ منعقد کرنے کا اعلان کیا ہے اور یہ کوچنگ کیمپ جوبلی ہلز ٹینس کورٹ پر منظم کیا جائے گا۔ اسی دوران مسٹر محمد شمس الدین سی ای او ولیج اسپورٹس نے کہا کہ عالمی سطح کے نامور ٹینس کوچس رافل میرر ڈائرکٹر و ٹینس کوچ ،بی ٹی اے جے سی بیگنوا ، ڈائرکٹر و ٹینس کوچ بی ٹی اے کے علاوہ جیکن بینا مارٹینز (ایس ایل) اسپین سے تعلق رکھتے ہیں۔ دو ہفتوں طویل کوچنگ کیمپ میں اُبھرنے والے ٹینس کھلاڑیوں کی کوچنگ دیں گے۔ اُنھوں نے مزید تفصیلات کے لئے 9963145592 یا ویب سائیٹ www.sportsvillage.tennis پر ربط پیدا کیا جاسکتا ہے۔

TOPPOPULARRECENT