Thursday , August 16 2018
Home / شہر کی خبریں / حیدرآباد سے 6,000عازمین حج کی مکہ مکرمہ میں آمد

حیدرآباد سے 6,000عازمین حج کی مکہ مکرمہ میں آمد

آندھرا پردیش کے مزید 600عازمین کی روانگی‘ جملہ 20قافلے منزل پر پہنچ گئے
حیدرآباد 12اگست ( پریس نوٹ ) حیدرآباد امبارکیشن پوائنٹ سے آج آندھرا پردیش کے 600 عازمین حج کو لے کر مزید دو قافلے راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایر پورٹ سے روانہ ہوکر سعودی عرب پہنچ گئے۔ اس طرح اب تک 20قافلوں کے ذریعہ منزل مقصود مکہ مکرمہ پہنچنے والے عازمین کی تعداد 6,000ہوگئی ہے‘ جن میں ریاست تلنگانہ اور کرناٹک کے علاوہ آندھرا پردیش کے عازمین شامل ہیں۔ آج کے ان قافلوں کو حج ہاؤز سے صدر نشین تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی جناب محمد مسیح اللہ خان‘ اسپیشل آفیسر پروفیسر ایس اے شکور ‘صدر نشین آندھرا پردیش اسٹیٹ حج کمیٹی جناب مومن احمد حسین‘ ایکزیکٹیو آفیسر جناب لیاقت علی اور ارکان حج کمیٹی نے جھنڈی دکھا کر وداع کیا۔ اس موقع پر مولانا مفتی صادق محی الدین‘ مولانا سید محمد علی قادری الہاشمی ممشاد پاشاہ‘ تلنگانہ حج کمیٹی کے ارکان جناب ابو طلحہٰ امجد اور جناب امتیاز خان لالہ‘ آندھرا پردیش حج کمیٹی کے ارکان مفتی محمد فاروق‘ مفتی محمد الیاس مولانا رفیع‘ جناب مستان شریف‘ جناب حسن باشاہ کے علاوہ مفتی نور حسین‘جناب متین مجددی ‘ جناب مظفر علی خان ‘ جناب عرفان شریف اسسٹنٹ سکریٹری حج کمیٹی اور دوسرے موجود تھے۔ صدر نشین تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی جناب محمد مسیح اللہ خان نے حکومت تلنگانہ کی اقلیت دوستی کا ذکر کرتے ہوئے عازمین سے چیف منسٹر جناب کے چندر شیکھر راؤ‘ ڈپٹی چیف منسٹر جناب محمد محمود علی کی صحت و عافیت اور ریاست کی ترقی و خوش حالی کے لئے دعائیں کرنے کی خواہش کی ۔ صدر نشین آندھرا پردیش حج کمیٹی جناب مومن احمد حسین نے کہا کہ عازمین کے لئے یہ سنہرا موقع ہے‘ اللہ تعالیٰ کے حکم پر حضرت ابراہیم ؑ نے آواز لگائی اور جن نیک لوگوں کی روحوں نے اس پر لبیک کہا ان کو زیارت کعبہ کا موقعہ مل رہا ہے۔ انہوںنے کہا کہ وجئے واڑہ میں 80کڑوڑ روپئے کی لاگت سے حج ہاؤز کی تعمیر کی جارہی ہے ۔مفتی محمد فاروق نے عازمین حج کی خدمت کے لئے حکومت تلنگانہ اور تلنگانہ حج کمیٹی کی خدمات اور کارکردگی کی ستائش کی۔ اسپیشل آفیسر پروفیسر ایس اے شکور نے کہا کہ تلنگانہ حج کمیٹی ملک کی واحد کمیٹی ہے اور اس کی خوش نصیبی ہے کہ اس کو تلنگانہ کے علاوہ آندھرا پردیش اور کرناٹک کے عازمین کی میزبانی کا موقع مل رہا ہے۔ حج کمیٹی عازمین کو بہتر سے بہتر خدمات فراہم کرنے کی کوشش کررہی ہے۔

TOPPOPULARRECENT