Friday , May 25 2018
Home / شہر کی خبریں / حیدرآباد میں آئندہ ماہ عالمی تلگو کانفرنس

حیدرآباد میں آئندہ ماہ عالمی تلگو کانفرنس

حکومت تلنگانہ سے انتظامات، چیف منسٹر اور وزیرفینانس کا اسمبلی و کونسل میں بیان
حیدرآباد ۔ /17 نومبر (سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت کی جانب سے آئندہ ماہ حیدرآباد میں عالمی تلگو کانفرنس کا اہتمام کیا جارہا ہے ۔ کانفرنس کے انعقاد کے لئے حکومت کے مختلف محکمہ جات مصروف ہوچکے ہیں ۔چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے اسمبلی میں جبکہ وزیر فینانس ای راجندر نے قانون ساز کونسل میں عالمی تلگودیشم کانفرنس کی تفصیلات پر مبنی بیان دیا ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کی ثقافت کی تحقیق اور تشہیر کیلئے حکومت نے تلنگانہ ساہتیہ اکیڈیمی کا قیام عمل میں لایا ہے ۔ مشہور شاعر این سداریڈی کو اکیڈیمی کا صدرنشین مقرر کیا گیا ۔ تلنگانہ ساہتیہ اکیڈیمی کی سرپرستی میں 15 تا 19 ڈسمبر عالمی تلگو کانفرنس منعقد کی جائے گی ۔ رویندرا بھارتی ، اندرا پریہ درشنی آڈیٹوریم اور تلگو یونیورسٹی میں تقاریب کا اہتمام ہوگا جبکہ مرکزی تقریب لال بہادر اسٹیڈیم میں منعقد ہوگی ۔ مشہور تلگو شعراء کے نام پر کمانیں ، باب الداخلے اور ہورڈنگس شہر بھر میں لگائے جائیں گے ۔ کانفرنس میں شرکت کیلئے نہ صرف ریاست بلکہ دیگر ریاستوں اور مختلف ممالک میں بسنے والے محبان تلگو کی شرکت متوقع ہے ۔ حکومت نے کانفرنس کے انعقاد کے لئے 50 کروڑ روپئے کی رقم منظور کی ہے ۔ ہر ایک ضلع کو 5 لاکھ روپئے مختص کئے گئے ۔ ریاست بھر میں اسکول ، کالجس اور یونیورسٹیز کے طلبہ میں تلنگانہ کی ثقافت پر تحریری و تقریری مقابلے منعقد کئے جائیں گے ۔ تلگو کانفرنس کے مشاورتی اجلاس ممبئی ، دہلی ، چینائی اور بنگلور میں منعقد کئے گئے ۔ آندھراپردیش اور دیگر ریاستوں میں جہاں تلگو عوام کی قابل لحاظ تعداد بستی ہے مشاورتی اجلاس منعقد کئے جائیں گے ۔ وزیر فینانس نے کہا کہ قومی اور عالمی سطح کی نمائندہ شخصیتوں نے کانفرنس میں شرکت سے اتفاق کیا ہے ۔ انہوں نے تمام ارکان اسمبلی و کونسل سے خواہش کی کہ وہ کانفرنس کے انعقاد کو ریاست کے وقار کا مسئلہ تصور کریں اور اسے کامیابی سے ہمکنار کریں ۔

 

 

TOPPOPULARRECENT