Thursday , December 13 2018

حیدرآباد میں بین ریاستی منشیات کا کاروبار،اوسہ میں کمپنی پر دھاوے، کرناٹک ۔ تلنگانہ سرحد پر کوکین کی ضبطی کے بعد کارروائی

 

حیدرآباد۔14 جنوری(سیاست نیوز) حیدرآباد میں منشیات کی منتقلی کرنے والی کمپنی ریاست مہاراشٹرا کے علاقہ ’اوسہ‘ کے قریب عمرگاہ کی ہے اور ڈائریکٹوریٹ آف ریوینیو انٹلیجنس نے اس کمپنی پر دھاوا کیا ہے۔گذشتہ دنوں شہر حیدرآباد میں منشیات کی منتقلی کے دوران 3افراد کو حراست میں لئے جانے اور گاڑی ضبط کئے جانے کے بعد کی گئی کاروائی کے دوران اس بات کا انکشاف ہوا ہے کہ ضبط کردہ ڈرگس کی شناخت ’’میتھاکولین‘‘ نامی نشہ آور شئے سے کی گئی ہے جو کہ 48کیلو ضبط کیا گیا ہے جس کی مالیت 20کروڑ روپئے کی بتائی جاتی ہے۔DRIکی جانب سے کی گئی اس کاروائی کے دوران گرفتار شدگان کو ابھی ذرائع ابلاغ کے سامنے پیش نہیں کیا گیا ہے اور کہا جا رہا ہے کہ شہر کو منشیات کی منتقلی کا کام کوئی نیا نہیں ہے لیکن باوثوق ذرائع سے موصولہ اطلاع کی بنیاد پر کی جانے والی کاروائی کے دوران اس بات کا انکشاف ہوا ہے کہ کرناٹک اور تلنگانہ کی سرحد کے قریب کی گئی اس کاروائی کے تار حیدرآباد اور اوسہ کے قریب علاقہ عمرگاہ سے جڑے ہوئے ہیں ۔ شہر میں منشیات کے استعمال کو حاصل ہونے والے فروغ کے بعد محکمہ آبکاری کی جانب سے کی جانے والی کاروائی کے بعد اب دوبارہ یہ بات سامنے آئی ہے کہ شہر میں منشیات کے چلن میں کوئی کمی نہیں آئی ہے بلکہ منشیات کا غیر قانونی کاروبار بین ریاستی سطح پر چلایاجارہاہے ۔بتایاجاتا ہے کہ DRI کی جانب سے کی گئی اس کاروائی کے بعد اس بات کا پتہ چلانے کی کوشش کی جارہی ہے کہ منشیات کے اس کاروبار کو کس کی سرپرستی حاصل ہے اور کس کی نگرانی میں یہ کاروبار چلایاجارہا ہے ۔20کروڑ مالیتی دیسی ساختہ نشہ آور شئے کے ضبط کئے جانے کے بعد محکمہ آبکاری کے علاوہ دیگر خفیہ ایجنسیوں کی جانب سے حرکت میں آتے ہوئے حقائق سے آگہی حاصل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے اور کہا جارہا ہے کہ شہر میں یہ نشہ آور شئے نوجوانو ںکو 4تا5ہزار روپئے گرام کے حساب سے فروخت کی جاتی ہے اور اتنی بھاری مقدار میں’’ میتھا کولین ‘‘ کی ضبطی سے یہ بات واضح ہوجاتی ہے کہ شہر میں اب بھی منشیات کی فروخت عروج پر ہے اور دیسی ساختہ کیمیکل والی نشہ آور اشیاء بھی فروخت کی جا رہی ہیں۔بتایاجاتاہے کہ بہت جلد مہاراشٹرااور تلنگانہ کے درمیان جاری اس تجارت میں ملوث افراد کا انکشاف ہوگا۔

TOPPOPULARRECENT