Monday , June 18 2018
Home / شہر کی خبریں / حیدرآباد میں یکجہتی و بھائی چارگی کی برقراری کیلئے پرامن ماحول کی فراہمی ناگزیر

حیدرآباد میں یکجہتی و بھائی چارگی کی برقراری کیلئے پرامن ماحول کی فراہمی ناگزیر

چارمینار تا بارکس پولیس کی 5k رن، ڈپٹی چیف منسٹر تلنگانہ جناب محمد محمود علی کا خطاب

چارمینار تا بارکس پولیس کی 5k رن، ڈپٹی چیف منسٹر تلنگانہ جناب محمد محمود علی کا خطاب

حیدرآباد ۔ 7 نومبر ( سیاست نیوز) شہر حیدرآباد و ریاست تلنگانہ گنگا جمنی تہذیب کے مرکز کے طور پر جانے جاتے ہیں۔ حیدرآباد میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور یکجہتی کے فروغ کے لئے اقدامات کی ضرورت نہیں ہے ۔ لیکن یکجہتی و بھائی چارگی کی برقرار کے لئے پر امن ماحول کی فراہمی ناگزیر ہے ۔ ڈپٹی چیف منسٹر تلنگانہ جناب محمد محمود علی نے آج محکمہ پولیس کی جانب سے تاریخی چارمینار تا بارکس منعقدہ 5K کے دوڑ کے آغاز سے قبل شرکاء سے خطاب کے دوران ان خیالات کا اظہار کیا ۔انہوں نے محکمہ پولیس کی جانب سے عوام دوست پولیس کے فروغ کے لئے منعقدہ 5K کے دوڑ کو ایک مثبت اقدام قرار دیتے ہوئے محکمہ پولیس کے اعلی عہدیداروں اور شرکاء کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے اقدامات کے ذریعہ عوام میں پولیس کے متعلق اعتماد پیدا کیا جاسکتا ہے اور پولیس کو عوام دوست بناتے ہوئے جرائم پر کنٹرول کرنا آسان ہوسکتا ہے ۔ اس موقع پر مسٹر پی گوپی چند ‘ جناب محتشم علی خان ‘ مسز نائینا جیسوال ‘ ملوت پورنا ‘ آنند شرما کے علاوہ کئی اہم شخصیتیں موجود تھیں ۔ دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد کے کئی اسکولوں سے تعلق رکھنے والے ہزاروں طلبہ نے محکمہ پولیس کی جانب سے منعقدہ 5K کے دوڑ میں حصہ لیا ۔ قبل ازیں مسٹر ایم مہندرریڈی کمشنر پولیس حیدرآباد نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پولیس تمام طبقات میں اعتماد بحال کرتے ہوئے شہر میں امن و امان و فرقہ وارانہ ہم آہنگی کی برقراری کے لئے عوام دوست پولیس مہم کا آغاز کر رہی ہے ۔ اس مہم کے سلسلہ میں عوام کے زبردست تعاون سے پولیس کے حوصلوں میں اضافہ ہوا ہے اور اس بات سے ہر کوئی واقف ہے کہ کوئی بھی شخص امن و امان میں بگاڑ کو پسند نہیں کرتا ۔ اس موقع پر مسٹر ٹی کرشنا ریڈی رکن اسمبلی مہیشورم ‘ مسٹر احمد بلعلہ رکن اسمبلی ملک پیٹ ‘ جناب علی مسقطی تلگودیشم قائد ‘ جناب شہباز علی خان کے علاوہ مقامی سابق کارپوریٹرس و دیگر موجود تھے ۔ پولیس کے اعلی عہدیدار مسٹر ایم مہندرریڈی کمشنر ‘ مسٹر انجنی کمار ایڈیشنل کمشنر ‘ مسٹر وی ستیہ نارائنا ڈی سی پی ساؤتھ زون ‘ مسٹر کے بابو راؤ ایڈیشنل ڈی سی پی ساوتھ زون ‘ مسٹر اشوک چکرورتی اے سی پی چارمینار کے علاوہ دیگر عہدیدار موجود تھے ۔ بارکس میں 5K کے دوڑ کے اختتام پر شرکاء میں محکمہ پولیس کی جانب سے اسنادات کی تقسیم عمل میں لائی گئی ۔ مسٹر وی ستیہ نارائینا ڈی سی پی ساؤتھ زون نے عوام اور پولیس کے درمیان تعلقات کو دوستانہ بنانے کے ساتھ ساتھ ان میں استحکام پیدا کرنے کی ضرورت پر زور دیا ۔

TOPPOPULARRECENT