Thursday , November 23 2017
Home / شہر کی خبریں / خاتون صنعت کاروں کیلئے اسپیشل انڈسٹرئیل پارک کی تجویز

خاتون صنعت کاروں کیلئے اسپیشل انڈسٹرئیل پارک کی تجویز

ضلع میدک میں قیام کا جائزہ ، اراضی کی نشاندہی ، حکومت تلنگانہ کا غور و خوض
حیدرآباد۔ 18اگسٹ ( سیاست نیوز ) حکومت تلنگانہ کی جانب سے ریاست میں خاتون صنعتکاروں کے لیئے خصوصی انڈسٹریل پارک کے قیام کے منصوبہ کا اعلان کیا گیا ہے۔ ملک میں منفرد نوعیت کے اس پہلے انڈسٹریل پار ک کا قیام پڑوسی ضلع میدک میں عمل میں لایا جائے گا جہاں حکومت تلنگانہ نے اس مقصد کیلئے 50ایکڑ اراضی کی تخصیص کا اعلان کیا ہے۔ ریاستی حکومت کی صنعتی پالیسی میں آنے والی تبدیلی کے تحت کئے جانے والے ان اقدامات کا راست فائدہ ان صنعتی گھرانوں کو ہوگا جن کی خواتین صنعتی میدان سے جڑی ہوئی ہیں اور مختلف صنعتوں میں حصہ دار ہیں۔ تلنگانہ اسٹیٹ انڈسٹریل اینڈ انفراسٹرکچر ڈیولپمنٹ کارپوریشن لمیٹیڈ کی جانب سے 45لاکھ روپئے فی ایکڑ اراضی سلطان پور میں حوالے کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جہاں خواتین کیلئے مخصوص صنعتی پارک قائم کیا جائے گا۔فیڈریشن آف چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز نے صنعتی پارک کی ترقی میں حکومت سے تعاون کرنے کا اعلان کیا ہے اور اس سلسلہ میں تنظیم باہمی تعاون کے ساتھ صنعتی پارک کی ترقی کو یقینی بنائے گی۔ نیشنل بورڈ ممبر FICCIمسز جیوتسنا انگرا نے بتایا کہ تلنگانہ اسٹیٹ انڈسٹریل اینڈ انفراسٹرکچر ڈیولپمنٹ کارپوریشن لمیٹیڈ نے اس بات کا تیقن دیا ہے کہ ضرورت اور طلب میں اضافہ کی صورت میں مزید اراضیات کی حوالگی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ ریاست میں خواتین کیلئے مخصوص انڈسٹریل پارک کی تعمیر کے منصوبہ کے ساتھ ہی کئی تجاویز موصول ہو چکی ہیں جو خاتون صنعتکار ریاست تلنگانہ میں سرمایہ کاری کرنے میں دلچسپی دکھا رہی تھیں ان کے لئے یہ زرین موقع ہے اور وہ اس خواتین کے لئے مخصوص اپنی نوعیت کے منفرد صنعتی پارک سے مزید دلچسپی دکھانے لگی ہیں جس کے بہتر نتائج برآمد ہونے کی توقع ہے۔ اس خواتین کیلئے مخصوص صنعتی پارک میں مائیکرواسمال میڈیم انٹرپرائزس (MSME’s)سے وابستہ خواتین اراضیات حاصل کر سکتی ہیں جن میں ہوزری‘ فوڈ پراسسنگ یونٹ‘ سپلائی چین‘ لائف اسٹائیل پراڈکٹس‘ فرنیچر ‘ ایل ای ڈی لائیٹس ‘ سولار برقی پیداوارکے علاوہ دیگر صنعتوں سے وابستہ خاتون صنعتکاروں نے اپنی دلچسپی کا اظہار کیا ہے اور توقع کی جا رہی ہے کہ مزید صنعتکاروں کی جانب سے سرمایہ کاری کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔ جو درخواستیں تاحال موصول ہوئی ہیں ان کی تنقیح اور پراجکٹ کی تفصیلات کے مشاہدے کے بعد اراضیات کی تخصیص کا عمل مکمل کیا جائے گا۔ علاوہ ازیں FICCIکے خواتین ونگ کی جانب سے اس صنعتی پارک کو شمسی توانائی سے چلاتے ہوئے گرین زون میں برقرار رکھنے کے متعلق منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔

TOPPOPULARRECENT