Friday , November 17 2017
Home / شہر کی خبریں / خاتون عازم حج کو سعودی ایرپورٹ سے واپس بھیج دیا گیا

خاتون عازم حج کو سعودی ایرپورٹ سے واپس بھیج دیا گیا

ویزا پر غلط پاسپورٹ نمبر ، دوبارہ روانگی کی کوشش
حیدرآباد۔/4ستمبر، ( سیاست نیوز) نلگنڈہ سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون عازم حج کو سعودی حکام نے جدہ ایر پورٹ سے واپس کردیا ہے۔ اس خاتون عازم کے ویزا پر غلطی سے کسی اور کا پاسپورٹ نمبر درج کردیا گیا جس کے سبب سعودی حکام نے انہیں ایر پورٹ پر ہی روک دیا اور ہندوستانی سفارتی عہدیداروں سے ربط قائم کرتے ہوئے ان کی واپسی کا انتظام کرایا۔ بتایا جاتا ہے کہ سنٹرل حج کمیٹی جو عازمین کے ویزا انڈارسمنٹ کی ذمہ دار ہے اس کی تکنیکل غلطی کے سبب اختر النساء نامی عازم کے پاسپورٹ پر لگائے گئے ویزا پر اختر النساء نامی کسی اور عازم کا پاسپورٹ نمبر درج کردیا گیا۔ یہ خاتون اپنے پانچ ارکان خاندان کے ساتھ حج کیلئے روانہ ہوئی تھیں۔ روانگی کے موقع پر شمس آباد انٹرنیشنل ایرپورٹ پر ایمیگریشن حکام نے اس خاتون کو روکا اور بتایا کہ ویزا پر درج شدہ پاسپورٹ نمبر سے تعلق رکھنے والی خاتون پہلے ہی سعودی عرب روانہ ہوچکی ہیں۔ اس مرحلہ پر حج کمیٹی اور ایر انڈیا کے حکام نے تحریری طور پر اس خاتون کے حق میں وضاحت پیش کی جس کے بعد انہیں روانگی کی اجازت دی گئی تاہم جدہ ایر پورٹ پر سعودی ایمیگریشن حکام نے اس خاتون کو روک دیا۔ اسپیشل آفیسر حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے جدہ میں ہندوستانی قونصل خانہ کے حکام سے ربط قائم کیا جس پر سفارتی عہدیدار ایرپورٹ پہنچ گئے۔ سنٹرل حج کمیٹی کی اس تکنیکی خامی کے سبب آخر کار اس خاتون کو حیدرآباد واپس کرنے کا فیصلہ کیا گیا اور اس خاتون کے ہمراہ ان کے شوہر بھی حیدرآباد واپس ہورہے ہیں۔ انہیں انڈین کونسلیٹ کی جانب سے واپسی کا ٹکٹ فراہم کیا گیا ہے۔ پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ حیدرآباد واپسی کے ساتھ ہی ان کیلئے نئے ویزا کا انتظام کرتے ہوئے سعودی عرب روانہ کیا جائے گا۔ توقع ہے کہ انہیں 8ستمبر کی فلائیٹ سے سفر حج پر بھیجا جائے گا۔

Top Stories

TOPPOPULARRECENT