Wednesday , December 13 2017
Home / جرائم و حادثات / خاتون مسافروں سے بیاگ چھیننے والے سارقین گرفتار

خاتون مسافروں سے بیاگ چھیننے والے سارقین گرفتار

چار افراد بشمول کمسن گرفتار، راجندر نگر پولیس کی کارروائی
حیدرآباد۔/21ستمبر، ( سیاست نیوز) گاڑیوں کی تلاشی کے دوران بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے راجندر نگر پولیس نے 4 افراد بشمول ایک تین رکنی ٹولی کو گرفتار کرلیا جس نے خاتون مسافر کو دھمکاکر ان کے قبضہ سے سیل فون اور اس کا بیاگ چھین لیا تھا۔ جبکہ ایک ایسا سارق بھی پولیس کے ہاتھ لگا تھا جو موٹر سیکل پارکنگ مقامات سے سرقہ کرتا تھا۔ راجندر نگر اسسٹنٹ کمشنر پولیس مسٹر گنگاریی نے ایک پریس کانفرنس کے دوران تفصیلات بتائی۔ انہوں نے کہا کہ خاتون مسافر ارونا کے قبضہ سے اس ٹولی نے سیل فون اور اس کا بیاگ چھین لیا تھا۔ پولیس نے 19سالہ اجو خان، 19سالہ شیخ فرید اور 19 سالہ مجیب حسین ساکنان ایم ایم پہاڑی کو گرفتار کرلیا اوران کے قبضہ سے مسروقہ سیل فون کے علاوہ آٹو بھی ضبط کرلیا گیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ راجندر نگر پولیس جو پلر نمبر 208 کے قریب گاڑیوں کی تلاشی مہم میں مصروف تھی کہ آٹو آرام گھر کی جانب سے آرہا تھا، پولیس نے بتایا کہ اجو خان کو عام تلاشی کیلئے روکا گیا اور اس سے دستاویزات طلب کی گئیں تاہم وہ دستاویزات بتانے سے قاصر رہا اور فرار ہونے کی کوشش میں تھا کہ پولیس نے اسے حراست میں لیکر دریافت کیا اور اس نے پولیس کی پوچھ تاچھ کے دوران اپنے جرم کو قبول کرلیا۔ دوسرے واقعہ میں پولیس نے 31 سالہ امجد کو گرفتار کرلیا جو موٹر سیکلوں کا سرقہ کرتا تھا۔ امجد جو ڈیری فارم علاقہ کا ساکن تھا جو سابق میں پولیس کارروائی کے سبب جیل کی سزا کاٹ چکا ہے تاہم اس کے رویہ میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔ امجد فی الحال پٹن چیرو علاقہ میں رہتا تھا۔ پولیس نے عطاپور کے علاقہ سے اسے گرفتار کرلیا۔ اس نے 10اور 20ستمبر کو ہیپی ہوم ٹاور اور ایک ہوٹل کے قریب سے موٹر سیکل کا سرقہ کیا تھا جس کی مالیت تقریباً ایک لاکھ روپئے بتائی گئی ہے۔ اے سی پی راجندر نگر نے راجندر نگر کرائم ٹیم اور سی سی ایس کی کارروائی کی ستائش کی ہے۔

TOPPOPULARRECENT