Friday , September 21 2018
Home / دنیا / خالدہ ضیاء نے برطانوی وکیل لارڈ کارلائل کی خدمات حاصل کیں

خالدہ ضیاء نے برطانوی وکیل لارڈ کارلائل کی خدمات حاصل کیں

ڈھاکہ۔ 21 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) بدعنوانیوں میں ملوث ہونے پر جیل کی سزا کاٹ رہیں سابق وزیراعظم بنگلہ دیش خالدہ ضیاء نے اب اپنے قانونی دفاع کیلئے ایک معروف برطانوی وکیل کی خدمات حاصل کی ہیں تاکہ وہ ان کے خلاف فوجداری اور بدعنوانیوں کے کئی معاملات کے خلاف اپنا مکمل دفاع کرسکیں۔ یاد رہے کہ 72 سالہ خالدہ ضیاء کو ڈھاکہ کی ایک عدالت نے 8 فروری کو پانچ سال کی سزائے قید سنائی تھی جو دراصل ان کے مرحوم شوہر اور سابق صدر ضیاء الرحمن کے نام پر قائم کئے گئے ایک یتیم خانہ کو دیئے گئے کروڑہا ٹکے (بنگلہ دیشی کرنسی) کے عطایات میں خردبرد سے متعلق ہے، حالانکہ گزشتہ ہفتہ ان کی ضمانت منظور کی گئی تھی تاہم وہ کارکرد ثابت نہ ہوسکی کیونکہ ان کے خلاف گرفتاری کا تازہ وارنٹ جاری کرتے ہوئے انہیں دوبارہ گرفتار کرلیا گیا۔ انہیں بدعنوانیوں اور فوجداری کے زائد از ایک درجن معاملات کا سامنا ہے۔ فی الحال خالدہ ضیاء کے وکلاء کے پیانل کو برطانوی وکیل لارڈ کارلائل اپنی قیمتی تجاویز اور مشورے پیش کریں گے۔ بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی (BNP) کے سیکریٹری جنرل مرزا فخرالاسلام عالمگیر نے یہ بات بتائی۔ انہوں نے کہا کہ لارڈ کارلائل نے خالدہ ضیاء کا دفاع کرنے کو منظوری دے دی ہے اور آئندہ تمام سماعتوں کے دوران خالدہ ضیاء کو لارڈ کارلائل کی قانونی مشاورت اور تعاون حاصل رہے گا۔ فی الحال خالدہ ضیاء کی دفاعی ٹیم میں بی این پی کی حمایت کرنے والے متعدد وکلاء بشمول سابق وزیر قانون مودود احمد اور سابق اسپیکر ضمیرالدین سرکار اور دو سابق اٹارنی جنرلس شامل ہیں۔

TOPPOPULARRECENT