Monday , December 11 2017
Home / دنیا / خالدہ ضیا کے خلاف مقدمہ چلایا جائے ہائیکورٹ کی رولنگ ۔ مقدمہ کالعدم کرنے کی درخواست مسترد

خالدہ ضیا کے خلاف مقدمہ چلایا جائے ہائیکورٹ کی رولنگ ۔ مقدمہ کالعدم کرنے کی درخواست مسترد

ڈھاکہ 17 ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) بنگلہ دیش کی سابق وزیر اعظم خالدہ ضیا کو آج اس وقت مشکل پیدا ہوگئی جبکہ ایک ہائیکورٹ نے ان کے خلاف کرپشن کے ایک معاملہ میں مقدمہ چلانے کا حکم دیا ہے ۔ کرپشن کا یہ معاملہ ان کے دور اتقدار میں کوئلہ کی ایک کان کا کنٹراکٹ دینے سے متعلق ہے ۔ خالدہ ضیا نے ہائیکورٹ میں درخواست دائر کرتے ہوئے ان کے خلاف مقدمہ ختم کرنے کی استدعا کی تھی جسے عدالت نے مسترد کردیا ۔ ملک کے انسداد رشوت خوری کمیشن نے 2008 میں یہ مقدمہ دائر کیا تھا ۔ ہائیکورٹ نے بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی کی سربراہ کی یہ درخواست مسترد کردی جس میں انہوں نے استدعا کی تھی کہ ان کے خلاف مقدمہ کالعدم قرار دیا جائے ۔ جسٹس محمد نور الزماں اور جسٹس عبدالرب پر مشتمل ایک بنچ نے خالدہ ضیا کے خلاف مقدمہ پر جاری التوا کو بھی ختم رکدیا ہے ۔ خالدہ ضیا کے علاوہ اس مقدمہ میں مزید 15 ملزمین شامل ہیں۔ ان پر اس معاملت کے ذریعہ سرکاری خزانہ کو 20 ملین ڈالرس کا نقصان پہونچانے کا الزام ہے ۔ بیگم خالدہ ضیا نے 2001 سے 2006 کے دوران اپنی عہد وزارت میں ایک چینی ادارہ کو بارک پوریا کان مکمل اختیارات کے ساتھ کنٹراکٹ پر دی تھی ۔ سابقہ فوجی تائید والے ایمرجنسی کے دور میں انسداد کرپشن کمیشن نے خالدہ ضیا کے خلاف یہ مقدمہ دائر کیا تھا ۔

TOPPOPULARRECENT