Thursday , November 23 2017
Home / شہر کی خبریں / خانگی اسکول اساتذہ کی تفصیلات اکٹھا ، انتظامیہ کے خلاف کارروائی پر غور

خانگی اسکول اساتذہ کی تفصیلات اکٹھا ، انتظامیہ کے خلاف کارروائی پر غور

اساتذہ کی مہارت محکمہ تعلیمات کے عہدیداروں کی نظر میں مشتبہ
حیدرآباد۔11ستمبر (سیاست نیوز) ریاست بالخصوص شہر حیدرآباد و سکندرآباد کے خانگی اسکولو ںمیں خدمات انجام دے رہے اساتذہ کی مہارت محکمہ تعلیم کے عہدیداروں کی نظر میں مشتبہ ہونے لگی ہے اور کئی خانگی اسکولوں کے اساتذہ کی تفصیلات محکمہ تعلیم کی جانب سے حاصل کرتے ہوئے اسکول انتظامیہ کے خلاف کاروائی کے متعلق غور کیا جانے لگا ہے۔ بتایاجاتاہے کہ محکمہ تعلیم نے قواعد کے خلاف غیر معیاری اساتذہ کے تقرر کرنے والے اداروں کے خلاف کاروائی کا فیصلہ کیا ہے اور کہا جا رہا ہے کہ ریاست تلنگانہ میں موجود خانگی اسکولوں کے تعلیمی معیار کو بہتر بنانے کے لئے ضروری ہے کہ انہیں معیاری اساتذہ کے تقرر کا پابند بنایا جائے۔محکمہ تعلیم کے عہدیداروں نے بتایا کہ شہر حیدرآباد کے اسکولوں میں جو اساتذہ خدمات انجام دے رہے ہیں ان میں اکثریت ایسے اساتذہ کی ہے جو شعبہ تعلیم میں خدمات انجام دینے کیلئے خصوصی تربیت حاصل نہیں کئے ہیں۔محکمہ تعلیم کے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ ریاست کے کئی اسکولوں میں تعلیم یافتہ اساتذہ کا تقرر عمل میں لایا جا رہا ہے لیکن ماہرین کے تقرر میں کوتاہی کی جا رہی ہے کیونکہ ماہر اساتذہ کے تقرر کے لئے کافی تنخواہ ادا کرنی پڑتی ہے۔دونوں شہروں کے اسکولوں سے موصولہ تفصیلات کے مطابق شہر کے اسکولو ںمیں 40فیصد سے زائد پرائمری اسکولو ںمیں خدمات انجام دینے والے اساتذہ اہلیت نہیں رکھتے اور معمولی تنخواہوں پر خدمات انجام دے رہے ہیں جس کے سبب طلبہ کی تخلیقی صلاحیتوں میں اضافہ ہوتا نظر نہیں آرہا ہے۔شہر کے کئی خانگی اسکولوںمیں عملی طور پر تجربہ کار اساتذہ کی موجودگی کے متعلق خانگی اسکولوں کے انتظامیہ کا کہنا ہے کہ کئی اسکول ایسے ہیں جن میں سند نہ رکھتے ہوئے عملی میدان میں 15تا20سال کا تجربہ رکھنے والے اساتذہ موجود ہیں جو اساتذہ کو تربیت فراہم کرسکتے ہیں لیکن عصری ضروریات کو پورا کرنے کیلئے خانگی اسکولوں کی جانب سے کئی اقدامات کئے جا رہے ہیں لیکن اس کے باوجود محکمہ تعلیم کی جانب سے خانگی متوسط اسکولوں کو مختلف بنیادوں پر نشانہ بنایا جارہا ہے ۔محکمہ تعلیم کا کہنا یہ کہ قواعد کے مطابق اساتذہ کے تقررات نہ کرنے والے خانگی اسکول انتظامیہ کی جانب سے کی جانے والی کوتاہی کو دور کرنے کیلئے آئندہ ماہ سے خصوصی مہم چلائی جائے گی تاکہ تعلیم کے معیار کو بلند کیا جاسکے۔

Top Stories

TOPPOPULARRECENT