Monday , July 16 2018
Home / شہر کی خبریں / خانگی بسوں کو آؤٹر رنگ روڈ کے باہر روکنے کی ہدایت

خانگی بسوں کو آؤٹر رنگ روڈ کے باہر روکنے کی ہدایت

ٹریفک مسائل پر قابو پانے کی کوشش ، وزیر ٹرانسپورٹ مہیندر ریڈی
حیدرآباد ۔ /4 اپریل (سیاست نیوز) ریاستی وزیر ٹرانسپورٹ پی مہیندر ریڈی نے شہریوں کو ٹریفک مسائل سے راحت فراہم کرنے کیلئے خانگی بسوں کو آؤٹر رنگ روڈ کے باہر روک دینے کی ہدایت دی ۔ مسافرین کو شہر میں لانے کیلئے آر ٹی سی بسیں چلانے کے احکامات جاری کردیئے ۔ اندرون ایک سال محکمہ ٹرانسپورٹ کی ذاتی عمارتیں تعمیر کرنے کا اعلان کیا ۔ بدعنوانیوں اور بے قاعدگیوں کو ہرگز برداشت نہ کرنے کا انتباہ دیا ۔ وزیر ٹرانسپورٹ پی مہیندر ریڈی نے آج محکمہ ٹرانسپورٹ کے ہیڈ آفس پر لاری اسوسی ایشن قائدین کے علاوہ اضلاع کے محکمہ ٹرانسپورٹ عہدیداروں کا جائزہ اجلاس طلب کیا ۔ ریاست میں غیر قانونی ٹرانسپورٹ کے علاوہ بدعنوانیوں کو ہرگز برداشت نہ کرنے کا انتباہ دیا ۔ انہوں نے بالخصوص بنڈلہ گوڑہ کے علاوہ ریاست کے دوسرے محکمہ ٹرانسپورٹ دفاتر میں بدعنوانیوں پر سخت برہمی کا اظہار کیا ۔ لاری اسوسی ایشن کے مسائل کو حل کرنے کیلئے سنجیدہ غور کرنے کا تیقن دیتے ہوئے کہا کہ آئندہ ہفتہ ایک اور اجلاس طلب کرتے ہوئے آندھراپردیش سے سنگل پرمیٹ نظام پر تبادلہ خیال کرنے کا فیصلہ کیا ۔ پی مہیندر ریڈی نے کہا کہ آئندہ ہفتہ 10 دن میں ایک کمیٹی کو آندھراپردیش روانہ کرتے ہوئے تبادلہ خیال کرنے کا تیقن دیا ۔ بنڈلہ گوڑہ میں پیش آئے بدعنوانیوں کے واقعہ پر ہائیکورٹ میں کاؤنٹر داخل کرنے کی عہدیداروں کو ہدایت دی ۔ مارکٹس اور ریتو بازاروں کے پاس اپ لوڈنگ کے موقع پر ڈرائیورس کو ڈرا دھمکاکر معمول وصول کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کی اضلاع کلکٹرس اور لیبر کمشنرس کو ہدایت دی ۔ ریاستی وزیر ٹرانسپورٹ نے اندرون ایک سال محکمہ ٹرانسپورٹ کی ذاتی عمارتیں تعمیر کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا کہ 54 ٹرانسپورٹ ڈپارٹمنٹ کے دفاتر میں صرف 16 دفاتر ذاتی عمارتوں میں کام کررہے ہیں ۔ انہوں نے ذاتی عمارتوں کو یقینی بنانے کیلئے حصول اراضیات پر زیادہ توجہ دینے کی عہدیداروں کو ہدایت دی ۔ میدک جیسے مقام پر عہدیداروں کی تساہلی پر اپنی ناراضگی کا اظہار کیا ۔ عہدیداروں نے بتایا کہ 18 دفاتر کیلئے حصول اراضیات کا عمل مکمل ہوگیا ۔ 12 دفاتر کیلئے حصول اراضیات کا کام باقی ہے ۔ وزیر ٹرانسپورٹ پی مہیندر ریڈی نے مختلف اضلاع میں وزراء ، ارکان اسمبلی ، ارکان پارلیمنٹ سے ملاقات کرتے ہوئے حصول اراضیات کے کاموں میں تیزی پیدا کرنے کی عہدیداروں کو ہدایت دی ۔ محکمہ ٹرانسپورٹ میں مخلوعہ جائیدادوں کے علاوہ ضرورت کے مطابق نئی جائیدادوں پر تقررات کیلئے چیف منسٹر کے سی آر سے نمائندگی کرنے کا تیقن دیا ۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ ٹرانسپورٹ کیلئے 3400 کروڑ روپئے کا نشانہ مختص کیا گیا تھا جس کو عبور کرلیا گیا ہے ۔ اوور لوڈ گاڑیاں چلانے والے ڈرائیورس کے خلاف سخت کارروائی کرنے کی ہدایت دی ۔ روڈ سیفٹی کے خصوصی اقدامات کرنے پر زور دیا ۔ شعور بیداری کیمپس کااہتمام کرنے کا مشورہ دیا ۔ غیرقانونی ٹرانسپورٹ کی روک تھام کیلئے چیک پوسٹس کو مستحکم کرنے حیدرآباد میں ٹریفک کے بوجھ کو کم کرنے کیلئے خانگی بسوں کو سٹی میں داخل ہونے سے روکنے کی ہدایت دی ۔ خانگی بسوں کو رنگ روڈ کے باہر روک دینے کی ہدایت دی ۔ وہاں سے مسافرین کو شہر لانے کیلئے آر ٹی سی بسیں چلانے کے احکامات جاری کئے ۔

TOPPOPULARRECENT