Wednesday , December 13 2017
Home / شہر کی خبریں / خانگی بسوں کے فٹنس کی جانچ کی منصوبہ بندی

خانگی بسوں کے فٹنس کی جانچ کی منصوبہ بندی

محکمہ تعلیم اور محکمہ روڈ ٹرانسپورٹ کی مشترکہ مہم کا عنقریب آغاز
حیدرآباد۔18اکٹوبر(سیاست نیوز) محکمہ تعلیم اور محکمہ روڈ ٹرانسپورٹ اتھاریٹی نے دونوں شہرو ںمیں چلائی جانے والی اسکول بسوں کا جائزہ لینے کے لئے خصوصی مہم چلانے کا منصوبہ تیار کیا ہے ۔ بتایا جاتاہے کہ شہر حیدرآباد کے علاوہ سکندرآباد کے اسکولوں میں طلبہ کیلئے چلائی جانے والی بسوں کی تفصیلات کی طلبی کے باوجود کئی اسکولوں کی جانب سے تفصیلات داخل نہ کئے جانے کے بعد محکمہ تعلیم کی مدد حاصل کرتے ہوئے محکمہ روڈ ٹرانسپورٹ اتھاریٹی کی جانب سے مہم چلائے جانے کا فیصلہ کیا گیاہے۔ خانگی اسکولوں کی بسوں کے فٹنس کے علاوہ ڈرائیورس کی لاپرواہی کے علاوہ اسکولوں کے ریکارڈس کے مطابق بسوں کی گنتی کے سلسلہ میں محکمہ روڈ ٹرانسپورٹ اتھاریٹینے تفصیلات طلب کی تھیں ان تفصیلات کے سلسلہ میں اسکول انتظامیہ کی جانب سے جواب نہ دیئے جانے کے سبب محکمہ تعلیم نے فیصلہ کیا ہے کہ محکمہ تعلیم کے عہدیداروں کے ہمراہ روڈ ٹرانسپورٹ اتھاریٹی کے عہدیداروں کو سڑکوں پر بسوں کو روک کر تفصیلات حاصل کرنے کی اجازت فراہم کردی ہے۔ بتایا جاتاہے کہ کچھ اسکولوںمیں بسوں کی تعداد مطلع کی گئی تعداد سے زیادہ ہے اور ان بسوں کو غیر قانونی طور پر چلایاجارہاہے اسی لئے ان کی مکمل تفصیلات حاصل کی جار ہی ہیں۔ عہدیداروں نے بتایا کہ کئی اسکول اور خانگی کالجس کی جانب سے غیر قانونی طور پر رات کے اوقات میں تقاریب کیلئے بسیں چلائے جانے کی بھی شکایات موصول ہوئی ہیں جبکہ اسکول اور کالج کی بسوں کو تقاریب کے لئے استعمال کرنا غیر قانونی ہے۔ اسی طرح چند اسکولوں میں فٹنس سرٹیفیکٹ کے بغیر بسیں چلائے جانے کی بھی شکایات موصول ہوئی ہیں اور ان وجوہات کی بناء پر ہی محکمہ روڈ ٹرانسپورٹ اتھاریٹی نے محکمہ تعلیم سے تفصیلات طلب کی تھیں کہ شہری حدود میں چلائے جانے والے اسکولوں میں کتنی بسیں ہیں اور ان بسوں کا موقف کیا ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ محکمہ روڈ ٹرانسپورٹ اتھاریٹی کی جانب سے اسکولو ںمیں خانگی ٹراویلس کی جانب سے لگائی گئی بسوں کے سلسلہ میں بھی تفصیلات حاصل کی جا رہی ہیں تاکہ ان ٹراویل ایجنسیوں کی بھی تفصیلات محکمہ کے پاس موجود رہیں جو اسکولوں میں خدمات انجام دے رہی ہیں۔ باوثوق ذرائع سے موصولہ اطلاعات کے مطابق محکمہ تعلیم اور محکمہ روڈ ٹرانسپورٹ اتھاریٹی تمام بسوں کی تفصیلات کے حصول کے بعد ان میں جی پی ایس کی تنصیب کے سلسلہ میں غور کر رہا ہے کیونکہ اکثر دور دراز کے اسکولوں میں بچوں کوپہنچانے کے لئے اول وقت بچوں کو بس میں سوار کردیا جاتا ہے اور کافی تاخیر سے بچے گھر پہنچتے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT