Friday , February 23 2018
Home / شہر کی خبریں / خانگی سرمایہ کاری سے تلنگانہ کے راہداریوں کی تعمیر کی تجویز

خانگی سرمایہ کاری سے تلنگانہ کے راہداریوں کی تعمیر کی تجویز

ضلع واری سطح پر منصوبہ بندی، عنقریب چیف منسٹر کا اجلاس
حیدرآباد۔17نومبر(سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ خانگی سرمایہ کاری کے ذریعہ ریاست کے تمام اضلاع میں ترقیاتی کاموں کے لئے علحدہ علحدہ راہداریوں کی تیاری میں مصروف ہے اور ریاست کے محکمہ منصوبہ بندی تلنگانہ انڈسٹریل انفراسٹرکچر کارپوریشن لمیٹیڈ کے ہمراہ ریاست کے تمام 31اضلاع میں درکار سہولتوں اور قدرتی وسائل کے ساتھ ساتھ افرادی قوت سے استفادہ کرتے ہوئے ہر ضلع کے لئے منصوبہ تیار کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ ریاست تلنگانہ کے تمام اضلاع کی اجتماعی ترقی اور ہر ضلع میں علاقہ کی خصوصیت کے مطابق ترقی کو ممکن بنانے کے سلسلہ میں آئندہ ماہ چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی جانب سے تمام محکمہ جات کا مشترکہ اجلاس طلب کئے جانے کا امکان ہے اور اس منصوبہ کی تیاری کے سلسلہ میں خصوصی ہدایات جاری کئے جانے کی توقع ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ ریاستی حکومت کی جانب سے ہر ضلع میں ترقیاتی راہداری کے قیام کے سلسلہ میں منصوبہ کو ماہ مارچ سے قبل قطعیت دے دیئے جانے کا امکان ہے اور کہا جا رہا ہے کہ ریاستی حکومت اسمبلی میں بجٹ کی پیشکشی کے دوران 31 اضلاع کے ترقیاتی منصوبہ کا اعلان ممکن بنا سکتی ہے۔ریاستی حکومت کے مختلف محکمہ جات کے درمیان مشاورت کے بعد قطعیت دیئے جانے والے اس منصوبہ کے سلسلہ میں ماہ ڈسمبر کے وسط میں ضلع کلکٹرس کانفرنس بھی منعقد کئے جانے کا امکان ہے۔ شہر حیدرآباد کو تفریحی و سیاحتی مرکز کے طورپر عالمی سطح پر حاصل شہرت کی طرح ریاست کے دیگر اضلاع کو بھی فروغ دینے کے سلسلہ میں غور کیا جا رہا ہے ۔ محکمہ منصوبہ بندی کے ذرائع کے مطابق ریاست میں اضلاع کی خصوصیت جیسے قدرتی وسائل ‘ زرعی خصوصیات‘ باغبانی‘ انفارمیشن ٹکنالوجی‘ صنعتی سرگرمیوں‘ کے علاوہ دیگر خصوصیات کے اعتبار سے اضلاع میں سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کی حکمت عملی تیار کی جائے گی اور علاقہ کی خصوصیت کے اعتبار سے ان علاقوں میں سرمایہ کاری کرنے والوں کیلئے مرکز کے قیام کو یقینی بنایا جائے گا۔ شہر حیدرآباد کو عالمی اور قومی سطح پر حاصل نمایاں حیثیت کو برقرار رکھتے ہوئے ریاست تلنگانہ کے دیگر اضلاع کو تفریحی اور سیاحتی مرکز کے طور پر فروغ کے متعلق بھی غور کیا جا رہا ہے اس کے علاوہ فلمی صنعت کو بھی فروغ دینے کے لئے اضلاع کے انتخاب کے متعلق منصوبہ بندی کی جارہی ہے تاکہ آئندہ ماہ چیف منسٹر کی جانب سے طلب کئے جانے والے متوقع اجلاس سے قبل تمام تر تیاریاں مکمل کرلی جائیں اور منظوری کی صورت میں فوری عملی اقدامات کا آغاز کیا جاسکے۔

TOPPOPULARRECENT