Wednesday , December 12 2018

خانگی شعبہ زراعت میں سرمایہ کاری کرے

حکومت آندھرا کی جانب سے مکمل مدد : پی پلا راؤ کا خطاب

حکومت آندھرا کی جانب سے مکمل مدد : پی پلا راؤ کا خطاب
وشاکھاپٹنم ۔ 24 فبروری (پی ٹی آئی) حکومت آندھراپردیش زراعت کو اولین ترجیح دیتی ہے اور چاہتی ہے کہ خانگی شعبہ بھی اس میں سرمایہ کاری کرے تاکہ اس شعبہ کو بھی نفع بخش بنایا جاسکے۔ آندھراپردیش کے وزیر زراعت پی پد راؤ نے یہ بات بتائی۔ انہوں نے کہا کہ زراعت اور اس سے ملحقہ شعبہ جات میں سرمایہ کاری کیلئے آندھراپردیش ایک بہترین مقام ہے کیونکہ ریاست میں خاطرخواہ اراضیات کے علاوہ ترقی کیلئے پانی اور دوسرے وسائل بھی دستیاب ہیں۔ وہ ریاست میں زراعت اور سرمایہ کاری کے مواقع پر ایک روزہ سمینار سے خطاب کررہے تھے۔ یہ تیقن دیتے ہوئے کہ ریاست میں زراعت کے شعبہ میں سرمایہ کاری کرنے والوں کو حکومت ہر ممکن مدد فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ خانگی سرمایہ کاری کیلئے ہارٹیکلچر شعبہ میں بھی بہترین مواقع دستیاب ہیں۔ وزیرموصوف نے بتایا کہ ریاستی حکومت نے کسانوں کو جراثیم کش ادویات کے استعمال اور اخراجات پر قابو پانے تجاویز حاصل کرنے اکریساٹ کے ساتھ ایک معاہدہ کیا ہے۔ اس کا مقصد کم خرچ کے ساتھ زیادہ زرعی پیداوار حاصل کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کی ساحلی پٹی 970 کیلو میٹر طویل ہے اور مچھلی کی پیداوار میں ریاست کو سرفہرست مقام حاصل ہے۔ خانگی ادارے سمکیات کے شعبہ میں سرمایہ کاری کیلئے آگے آسکتے ہیں۔ مسٹر پد راؤ نے خانگی کمپنیوں سے کہا کہ وہ 5,000 ایکر سے 25,000 ایکر اراضیات حاصل کرکے عصری ٹیکنالوجی کی مدد سے اس کو ترقی دیں اور اس پر کاشت کی جائے۔ وزیر پنچایت راج مسٹر آشنا یاتروڈو نے زرعی سائنسدانوں سے کہا کہ وہ اپنی ریسرچ کے نتائج کسانوں تک پہنچانے کو یقینی بنائیں اور کسانوں میں عصری ٹیکنالوجی کے استعمال کے تعلق سے شعور بیدار کریں۔ انہیں بہتر تخم کے استعمال سے بھی واقف کروایا جائے۔ ریاستی وزیر فروغ وسائل رسانی جی سرینواس راؤ اور وزیر بہبود کے اچن نائیڈو اور دوسروں نے بھی کانفرنس سے خطاب کیا ۔ متعلقہ عہدیدار بھی کانفرنس میں شریک تھے ۔

TOPPOPULARRECENT