Tuesday , November 21 2017
Home / ہندوستان / خانگی کوچنگ اداروں کا تعلیمی دہشت گردی سے تقابل

خانگی کوچنگ اداروں کا تعلیمی دہشت گردی سے تقابل

پارلیمنٹ میں بی جے پی رکن پریش راول کا ریمارک

نئی دہلی۔/17ڈسمبر، ( سیاست ڈاٹ کام ) بی جے پی کے رکن اور فلمی اداکار پریش راول نے آج خانگی کوچنگ اداروں کو تعلیمی دہشت گردی کے مترادف قرار دیتے ہوئے انہیں باقاعدہ قانون کا پابند بنانے پر زور دیا کہ یہ حیرت کا اظہار کیا کہ صرف راجناتھ سنگھ اور بھگوان ہی جانتے ہیں کہ صورتحال میں کب بہتری آئے گی۔ وقفہ صفر کے دوران یہ مسئلہ اٹھاتے ہوئے پریش راول نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ دیگر اداروں کی طرح یہ پرائیویٹ کوچنگ سنٹرس بھی منظم ہوگئے ہیں اور یہ ادعاء کیا کہ ان اداروں نے سرکاری اساتذہ کے ساتھ ساز باز کرلیا ہے اور مسابقتی امتحانات پر اثر انداز ہوسکتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ جو لوگ اپنے بچوں کو سرکاری اسکول بھیجنا نہیں چاہتے وہ کوچنگ سنٹروں کو بھیج رہے ہیں جہاں پر سرکاری اساتذہ کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔ فلمی اداکار نے کہا کہ آج ہمارا کلچر دوسروں کی تقلید بن گیا ہے اور والدین دوسروں کو دیکھ کر اپنے بچوں کو اندھا دھند کوچنگ سنٹرس روانہ کرتے ہیں۔ اگر وہ آزادانہ سوچتے تو صورتحال اس قدر ابتر نہیں ہوتی۔ خود رو پودوں کی طرح قائم کوچنگ سنٹروں کو تعلیمی دہشت گردی سے تعبیر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کی طرح حکومت کے پاس کوچنگ انسٹی ٹیوشنس کی تفصیلات نہیں ہیں جو کہ کسی لائسنس اور نگرانی کے بغیر چلائے جارہے ہیں۔ انہوں نے یہ دریافت کیا کہ سرکاری ملازمین اپنے بچوں کو سرکاری اسکولوں کو بھیجنے پر آمادہ ہوں گے؟ اور یہاں کا تعلیمی معیار کب بہتر ہوگا؟۔ ممکن ہے کہ اس کی جانکاری صرف وزیر داخلہ اور بھگوان کو ہی ہوگی۔

جموں و کشمیر شدید سردی کی لپیٹ میں
سرینگر ۔ 17 ۔ دسمبر : ( سیاست ڈاٹ کام ) : جاریہ موسم کے دوران سرینگر میں کل شب کڑاکے کی سردی کے بعد آج کشمیر کے بیشتر مقامات پر درجہ حرارت میں قدرے اضافہ کے بعد عوام نے راحت محسوس کی ۔ جب کہ محکمہ موسمیات نے پیش قیاسی کی ہے کہ آئندہ چند دنوں تک موسم خشک رہے گا ۔ جموں و کشمیر کے گرمائی دارالحکومت سرینگر میں اقل ترین درجہ حرارت 0.6 ڈگری ریکارڈ کیا گیا ۔ جو کہ گذشتہ شب سے منفی 3.7 ڈگری میں 3 ڈگری اضافہ ہے ۔ شہر سرینگر میں جاریہ موسم کا یہ سب سے کم درجہ حرارت تھا ۔ وادی کشمیر کے باب الداخلہ قاضی گنڈ میں گذشتہ شب درجہ حرارت منفی 3.3 ڈگری تک گر گیا تھا ۔

TOPPOPULARRECENT