Friday , December 15 2017
Home / شہر کی خبریں / خستہ سڑکوں کو بہتر بنانے حکومت کمر بستہ نہیں

خستہ سڑکوں کو بہتر بنانے حکومت کمر بستہ نہیں

بارش کے سبب صورتحال انتہائی ابتر ہونے کے باوجود فنڈس کی اجرائی میں کوتاہی
حیدرآباد۔9اکٹوبر (سیاست نیوز) شہر حیدرآباد میں بارش کے سبب شہر کی سڑکوں کی حالت انتہائی ابتر ہوچکی ہے اور شہر کی سڑکوں کو بہتر بنانے کے لئے مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے عہدیداروں کی جانب سے ہدایات تو جاری کی جا رہی ہیں لیکن ان پر عمل آوری کے سلسلہ میں جاری کوتاہی کو دیکھتے ہوئے ایسا محسوس ہوتا ہے کہ سڑکوں کی خراب صورتحال میں بہتری آئندہ چند ماہ کے دوران بھی ممکن نہیں ہو پائے گی کیونکہ عہدیداروں کا کہنا ہے کہ اعلی عہدیداروں اور حکومت کی جانب سے صرف ہدایات موصول ہو رہی ہیں جبکہ ان ہدایات کو عملی جامہ پہنانے کے سلسلہ میں بجٹ کے متعلق دریافت کرنے پر کوئی مناسب جواب نہیں دیا جا رہا ہے جو کہ زونل سطح کے عہدیداروں کے لئے تکلیف کا باعث بنا ہوا ہے۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے ترقیاتی فنڈس کے متعلق اعلی عہدیداروں کا کہنا ہے کہ منصوبہ بند بجٹ سے اس ہنگامی صورتحال کیلئے بجٹ کی اجرائی کی صورت میں مسائل پیدا ہوں گے اسی لئے حکومت کی جانب سے معلنہ خصوصی بجٹ کے وصول ہونے کا انتظار کیا جا رہاہے تاکہ بجٹ وصول ہو نے کے بعد ہی تعمیری و مرمتی کاموں کا آغاز کیا جائے ۔ پرانے شہر سے تعلق رکھنے والے ایک منتخبہ نمائندہ نے بتایا کہ بلدی عہدیداروں سے اس سلسلہ میں ربط قائم کرنے پر عہدیدار یہ کہہ رہے ہیں کہ انہیں مرمتی کاموں کی انجام دہی کیلئے کوئی مسئلہ نہیں ہے لیکن بجٹ نہ ہونے کے سبب وہ کام انجام دینے سے قاصر ہیں۔ اعلی عہدیداروں کا کہنا ہے کہ سڑکوں کی حالت کو بہتر بنانے کے لئے ٹنڈرس کی وصولی کا عمل شروع کیا جائے اور ٹنڈرس طلبی اور کاموں کی حوالگی تک بجٹ وصول ہو جانے کی توقع ہے۔ اس کے علاوہ عہدیداریہ کہہ رہے ہیں کہ جہاں سڑکوں کی فوری مرمت کی ضرورت ہو وہاں روڈ ڈاکٹر کے ذریعہ گڑھے بند کردیئے جائیں تاکہ سڑک کی تعمیر و مرمت کے لئے درکار وقت مل سکے۔ پرانے شہر میں ہی نہیں بلکہ نئے شہر کی بھی کئی اہم سڑکوں کی صورتحال ایسی ہی ہوتی جا رہی ہے ۔ محکمہ ٹریفک پولیس کے عہدیداروں نے بھی بلدی عہدیداروں سے خواہش کی ہے کہ وہ شہر کی اہم سڑکوں کی حالت کو فوری بہتر بنانے کے اقدامات کو یقینی بنائیں کیونکہ اگر مصروف ترین سڑکوں پر موجود گڑھوں کو بند نہیں کیا جاتا ہے تو ایسی صورت میں شہر میں ٹریفک جام روز کا معمول بنتاچلا جائے گا اور حادثات میں اضافہ ہوگا۔ جی ایچ ایم سی کے اعلی عہدیداروں نے سنٹرل زون‘ ویسٹ زون کے علاوہ اپل وغیرہ کے علاقوں کی اہم سڑکوں کی فوری تعمیر و مرمت کی ہدایت جاری کی ہے اور کہا جا رہا ہے کہ آئندہ دو یوم کے دوران شہر کی مصروف ترین سڑکوںکو بہتر بنا لیا جائے گا۔

TOPPOPULARRECENT