خشوگی کے قتل میں سعودی ولیعہد ملوث نہیں: پومپیو

دبئی۔ 2 ڈسمبر۔(سیاست ڈاٹ کام) امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے ایک بار پھرباور کرایا ہے کہ سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا صحافی جمال خشوگی کے قتل کے ساتھ براہ راست کوئی تعلق نہیں اور انہیں اس کیس میں ملوث کرنے کا کوئی ٹھوس ثبوت نہیں ملا ہے۔امریکی وزیرخارجہ نے خشوگی قتل کیس کے حوالے سے سعودی عرب کے موقف کی حمایت کا اظہار کیا۔ ارجنٹائن کے شہر بیونس آئرس میں G-20 اجلاس میں شرکت کے دوران ’’سی این این‘‘ کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں پومپیو نے کہا کہ امریکی انٹلیجنس اداروں کی جانب سے خشوگی قتل کیس کی تحقیقات کا ایک ایک جملہ میں نے بہ غور پڑھا ہے۔ اس کے نتائج کا بھی مطالعہ کیا مگر مجھے اس میں کسی بھی جگہ خشوگی کے قتل میں سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے ملوث ہونے کا ثبوت نہیں ملتا۔ انہوں نے کہا کہ یہ بیان ٹھوس، اہم اور حتمی ہے۔خیال رہے کہ گذشتہ چہارشنبہ کو بھی امریکی وزیرخارجہ مائیک پومپیو نے سعودی ولیعہد کا دفاع کرتے ہوئے کہا تھا کہ خشوگی کے قتل میں محمد بن سلمان کے ملوث ہونے کی کوئی رپورٹ موجود نہیں۔انہوں نے کانگریس کو خبردار کیا تھا کہ وہ سعودی عرب کے خلاف جمال خشوگی کے قتل کی وجہ سے پابندیوں کے لیے قانون سازی نہ کرے کیونکہ موجودہ وقت سعودی عرب کے خلاف قانون سازی کے لیے موزوں نہیں ہے۔

TOPPOPULARRECENT