Sunday , January 21 2018
Home / شہر کی خبریں / خلیجی ممالک کو غیرقانونی خواتین کی منتقلی روکنے حکومت کی حکمت عملی: کے ٹی آر

خلیجی ممالک کو غیرقانونی خواتین کی منتقلی روکنے حکومت کی حکمت عملی: کے ٹی آر

غیرمجاز ایجنٹس کے خلاف مقدمات درج کرنے کی تیاری، این آر آئی ڈپارٹمنٹ کی کارکردگی کا جائزہ

حیدرآباد۔ 13جنوری (سیاست نیوز) خلیجی ممالک کو غیر قانونی طریقہ سے خواتین کی منتقلی کو روکنے کے لیے حکومت منصوبہ بند حکمت عملی تیار کررہی ہے۔ غیر مجاز ایجنٹس کے خلاف سخت کارروائی کرنے کی تیاری کی گئی۔ وزارت داخلہ کی جانب سے بہت جلد خصوصی مہم چلاتے ہوئے غیر قانونی ایجنٹس کے خلاف مقدمات درج کئے جائیں گے۔ وزیر داخلہ این نرسمہا ریڈی اور وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ٹی راما رائو نے این آر آئی ڈپارٹمنٹ کی کارکردگی کا جائزہ اجلاس منعقد کیا جس میں خلیجی ممالک کو خواتین کی روانگی اور غیر قانونی ایجنٹس کی سرگرمیوں کا جائزہ لیا گیا۔ کے ٹی آر نے کہا کہ روزگار کے لیے خلیج ممالک کو جانے والے افراد ایجنٹس کے دھوکہ کا شکار ہوکر مختلف مسائل سے دوچار ہیں۔ کئی بھولی بھالی خواتین بھی ان ایجنٹس کا شکار ہوئی ہیں۔ اس طرح کے واقعات کی روک تھام کے لیے خواتین کو ایجنٹس کی دھوکہ دہی سے بچانے کے لیے حکومت منصوبہ بند اقدامات کرے گی۔ ایجنٹس کی دھوکہ دہی کی جانچ اور کارروائی کے لیے حکومت ایکشن پلان تیار کررہی ہے۔ محکمہ داخلہ کے عہدیدار بہت جلد ایک خصوصی مہم کا آغاز کریں گے جس کے ذریعہ غیر قانونی ایجنٹس کا پتہ چلایا جائے گا اور ان کے خلاف کارروائی کو یقینی بنائیں گے۔ ایجنٹس کے دستاویزات کا جائزہ لیتے ہوئے اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ آیا انہیں عوام کو خلیجی ممالک روانہ کرنے کا لائسنس حاصل ہے یا نہیں۔ ایجنٹس کو ای مائگریٹ میں رجسٹریشن کے لیے ایک ماہ کا وقت دیا جائے گا۔ اس کے بعد غیر قانونی ایجنٹس کی نشاندہی کرتے ہوئے کارروائی شروع کی جائے گی۔ اجلاس میں فیصلہ کیاگیا کہ اس طرح کی سرگرمیوں میں ملوث ایجنٹس کے خلاف پی ڈی ایکٹ کے تحت بھی کارروائی کی جاسکتی ہے۔ پولیس کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ خاطیوں کے خلاف کارروائی کے سلسلہ میں عوام سے تعاون کریں۔ غیر مقام ہندوستانیوں اور ملازمت ترک کرکے وطن واپس ہونے والوں کے لیے مرکزی و ریاستی حکومت کی جانب سے مختلف اسکیمات تیار کی گئی ہیں۔ ان اسکیمات سے عوام کو واقف کرانے کی ضرورت ہے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ حیدرآباد میں این آر آئی بھون کا فروری کے دوسرے ہفتے میں سنگ بنیاد رکھا جائے گا۔ تعمیری کاموں کی تیاریاں تقریباً مکمل کرلی گئی ہے۔

TOPPOPULARRECENT