Friday , November 24 2017
Home / شہر کی خبریں / خلیجی ممالک کے معاشی انحطاط سے ہندوستان بھی متاثر

خلیجی ممالک کے معاشی انحطاط سے ہندوستان بھی متاثر

تیل کی قیمت میں گراوٹ سے خلیج کو ہندوستانی برآمدات اور زر مبادلہ میں کمی
حیدرآباد۔23مئی (سیاست نیوز) تیل کی قیمتوں میں آنے والی گراوٹ اور اس کے سبب خلیجی ممالک میں پیدا شدہ معاشی انحطاط کے اثرات اب ہندستان پر بھی ہونے لگے ہیں۔ ہندستان کو خلیجی ممالک سے حاصل ہونے والے بیرونی زر مبادلہ کے ذریعہ آمدنی میں گراوٹ ریکارڈ کئے جانے کے بعد اس بات کا انکشاف ہوا ہے کہ ملک کو بیرونی زر مبادلہ کی وصولی میں گراوٹ کے سبب معاشی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ ماہرین کے بموجب خلیجی ممالک جو گزشتہ چھ برسوں سے تیل کی قیمتوں میں گراوٹ کا سامنا کرتے ہوئے بھی معیشت کو مستحکم رکھنے کی کوشش کر رہے ہیں لیکن سال 2015-16کے دوران ہندستان کو حاصل ہونے والے زر مبادلہ میں 2.2فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ اتنا ہی نہیں بلکہ ہندستان کو خلیجی ممالک کے ساتھ تجارتی خسارے کا سامنا بھی کرنا پڑ رہا ہے چونکہ گزشتہ تین برسوں کے دوران درآمدات میں بتدریج گراوٹ ریکارڈ کی جا رہی ہے۔ خلیجی ممالک سے ہندستان کو ترسیلات زر کے ریکارڈ کا جائزہ لیا جائے تو بات سامنے آتی ہے کہ سال 2014-15کے دوران ترسلات زر 36.7بلین امریکی ڈالر تھا اور سال 2015-16کے دوران گراوٹ کے ساتھ اب یہ 35.9بلین امریکی ڈالر ریکارڈ کیا گیا ہے جو کہ گزشتہ 6برسوں میں پہلی مرتبہ ہوا ہے۔ماہرین معاشیات کا کہنا ہے کہ ہندستان  کے جی ڈی پی کا بڑی حد تک انحصار ترسیل زر پر ہے ۔ اعداد و شمار کے بموجب ہندستان کے جی ڈی پی میں 3.7فیصد حصہ ترسیل زر کا ہے جو کے ملک کی معیشت کو مستحکم کرنے میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔خلیجی ممالک کو مالی سال 2016کے دوران ہندستانی برآمدات میں 18.7فیصد گراوٹ ریکارڈ کی گئی ہے اس کی وجوہات کے متعلق یہ کہا جا رہا ہے کہ خلیجی ممالک کی آمدنی میں تیل کی قیمتوں کے سبب آرہی گراوٹ کے سبب یہ صورتحال پیدا ہوئی ہے اور اس صورتحال سے باہر نکلنے کیلئے یہ ضروری ہے کہ خلیجی ممالک میں تیل کی قیمتوں میں استحکام پیدا ہو۔ سال 2012سے خلیجی ممالک کے ہمراہ تجارتی تعلقات کا جائزہ لیا جائے تو پتہ چلتا ہے کہ اس قدر آمدنی پر اثر کافی عرصہ بعد ہوا ہے اس کے منفی اثرات سے نمٹنے کیلئے یہ ضروری ہے کہ حکومت ہند کے پالیسی ساز ادارے فوری حرکت میں آتے ہوئے معیشت کو مستحکم بنانے کی کوشش میں مصروف ہوجائیں چونکہ اس صورتحال کے اثرات ملک کی معیشت پر پڑنے کی صورت میں جو حالات پیدا ہوں گے ان سے نمٹنے کیلئے ملک کو خسارے سے بچانے کی منصوبہ بندی نا گزیر ہے۔

TOPPOPULARRECENT