خواتین اپنی صحت کا خاص خیال رکھیں

معمولی بیماری پر خصوصی توجہ ضروری ، حجامہ کیمپ سے جناب زاہد علی خاں کا خطاب

معمولی بیماری پر خصوصی توجہ ضروری ، حجامہ کیمپ سے جناب زاہد علی خاں کا خطاب

حیدرآباد ۔ 20 ۔ فروری : ( سیاست نیوز ) : جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر روزنامہ سیاست نے خواتین سے خواہش کی کہ وہ اپنی صحت کا خاص خیال رکھیں اور معمولی سی بیماری پر خصوصی توجہ دیں تاکہ آگے چل کر وہ کسی خطرناک مرض میں مبتلا نہ ہوسکیں ۔ جناب زاہد علی خاں ادارہ سیاست کی جانب سے ایک روزہ مفت حجامہ کیمپ برائے خواتین کا معائنہ کرنے کے بعد یہ بات کہی ۔ انہوں نے کہا کہ ادارہ سیاست ہمیشہ سے اقلیتوں خاص طور پر مسلمانوں کی تعلیمی ، طبی ، سماجی اور دیگر سرگرمیوں کے ذریعے عوام کی خدمت کرنے کا تہیہ کرلیا ہے اور اس طرح کا میڈیکل کیمپ بھی اس کی ایک کڑی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ کئی دنوں سے عوام میں حجامہ کے ذریعے علاج کروانے کا رجحان بڑھ گیا ہے اور لوگ حجامہ کروانے کے لیے خانگی ڈاکٹروں سے رجوع ہورہے ہیں جو علاج کے لیے ہزاروں روپئے لے رہے ہیں ۔ جناب زاہد علی خاں نے کہا کہ ادارہ سیاست کی جانب سے مہینہ میں دو دفعہ مردوں اور خواتین کے لیے علحدہ کیمپ منعقد کیا جارہا ہے اور گذشتہ 6 ماہ سے مسلسل حجامہ کیمپ مختلف مقامات پر منعقد کئے جارہے ہیں
انہوں نے ماہر حجامہ ڈاکٹروں کی خدمات کو زبردست خراج تحسین ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ ڈاکٹرز اسی طرح ملی جذبہ کے تحت اپنے خدمات دیتے رہیں گے ۔

حکیم سید غوث الدین کوآرڈینٹر کیمپ نے کہا کہ حجامہ کیمپ میں 300 سے زائد خواتین نے استفادہ حاصل کیا اور مرد حضرات کے لیے حجامہ کیمپ ہفتہ کی صبح منعقد کیا جارہا ہے ۔ ڈاکٹر یسریٰ فاطمہ ماہر حجامہ نے کہا کہ آج کے کیمپ میں نہ صرف حیدرآباد بلکہ سنگاریڈی ، نظام آباد ، محبوب نگر ، کریم نگر ، نلگنڈہ ، کرنول کے مریضوں نے بھی استفادہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ حجامہ کے ذریعے کمر کے درد ، سر کا درد ، جوڑوں کا درد ، عرق النسا ، بلڈپریشر ، ڈپریشن ، نزلہ مرض ، الرجی ، نفسیاتی امراض کا کامیاب علاج کیا جارہا ہے ۔ اس کے علاوہ عورتوں کے خاص امراض میں بھی شافی علاج موجود ہے ۔ اور چاند کی 17 ، 19 ، 21 تواریخ کو حجامہ کروانا سنت ہے ۔ اس کیمپ میں ڈاکٹر کوثر فاطمہ ، ڈاکٹر ہاجرہ بیگم ، ڈاکٹر جویریہ عرشین ، ڈاکٹر سعدیہ کوثر ، ڈاکٹر منیر فاطمہ ، ڈاکٹر ممتاز بیگم ، ڈاکٹر جبین فاطمہ ، ڈاکٹر رفعت ، ڈاکٹر نوشین ثنا ، ڈاکٹر ثمینہ سلطانہ اور ڈاکٹر شاہین نے مریضوں کا معائنہ اور حجامہ کیا ۔ اس موقع پر جناب ایم این بیگ ، جناب فہیم انصاری ، جناب خالد محی الدین اسد نے کیمپ کی نگرانی کی۔۔

TOPPOPULARRECENT