Tuesday , December 12 2017
Home / شہر کی خبریں / خواتین کا استحصال کرنے والا خودساختہ ڈھونگی سوامی گرفتار

خواتین کا استحصال کرنے والا خودساختہ ڈھونگی سوامی گرفتار

حیدرآباد /27 ستمبر ( سیاست نیوز ) شوہر کی جان کو خطرہ بتاکر خواتین کا استحصال کرنے والے ایک خود ساختہ ڈھونگی سوامی جی کو رچہ کنڈہ پولیس نے گرفتار کرلیا جس نے کئی خواتین کے ساتھ دھوکہ کرتے ہوئے ان سے پوجا پاٹ کے نام پر لاکھوں روپئے ہڑپ لئے ۔ اسپیشل آپریشن ٹیم رچہ کنڈہ نے کارروائی انجام دیتے ہوئے 44 سالہ نرسمہا چاریلو ساکن ملاپور کو گرفتار کرلیا جو سوامی کے بھیس میں عام شہریوں کو دھوکہ دے رہا تھا اور اس کا نشانہ خواتین تھیں خاندانی تنازعات ، گھریلو مسائل مالی مشکلات تعلیم میاں بیوی کے جھگڑے دولت اور اولاد کیلئے ہومم اور پوجاپاٹ کے بہانے عوام کو لوٹ رہا تھا ۔ پولیس نے اس ڈھونگی سوامی جی کے قبضہ سے 5 لاکھ روپئے نقد رقم کے علاوہ پانچ کیلو چاندی و دیگر اشیاء کے علاوہ ایک فرضی سی بی آئی کے شناختی کارڈ کو ضبط کرلیا ۔ نرسمہا چاریلو کا تعلق ضلع کھمم سے بتایا گیا ہے ۔ یہ دھوکہ باز سات سال قبل شہر منتقل ہوا تھا اور یہاں اس نے عوام کو دھوکہ دینے کا منصوبہ تیار کرتے ہوئے بھاوشوانی کا کاروبار شروع کردیا ۔ اکثر یہ خواتین کو نشانہ بناتا تھا ۔ جو جوڑا اس سے اپنے مسائل لیکر رجوع ہوتا تو یہ شخص شوہر سے خواہش کرتا کہ وہ خاتون سے تنہائی میں بات کرے گا ۔جس کے بعد وہ خاتون کو اس قدر ڈرایا کرتا کہ وہ اس کی یہ شرط مان جاتی شکایت گذار خواتین کے ذریعہ حصول اطلاعات کے مطابق پولیس نے بتایا کہ وہ خاتون سے کہتا تھا کہ اس کے شوہر کی جان کو خطرہ ہے اور کسی بھی وقت مقررہ مدت کے گذرنے کے بعد ہلاک ہوجائے گا اور اس خطرے سے چھٹکارے کیلئے ہومم کروانی ضروری ہے ۔ جس کے بعد وہ کارروائی کے نام پر دیڑھ تا 2 یا پھر 3 تا 5 لاکھ روپئے وصول کرتا تھا ۔ سرور نگر کے علاقہ میں اس نے ایک جوڑے سے ان کی گمشدہ لڑکی کو واپس لانے کے نام پر 3 لاکھ روپئے حاصل کئے تاہم لڑکی کا آج تک کوئی پتہ نہ چل سکا ۔ ونستھلی پورم میں ایک خاتون سے اس کے شوہر کی جان کو خطرہ بتاکر ایک لاکھ نقد رقم اور سوا کیلو چاندی ہڑپ لیا تھا اور اس خاتون کو یقین دلایا تھا کہ ان کی معاشی حالت درست ہوجائے گی ۔ اس طرح اس سوامی جی کے خلاف کئی شکایتیں پائی جاتی ہیں ۔ جس کی پولیس تحقیقات کر رہی ہے ۔

TOPPOPULARRECENT