Wednesday , November 22 2017
Home / شہر کی خبریں / خواتین کی بہبود و حفاظت کیلئے حکومت عہد کی پابند، مہیلاہیلپ لائن 181 کا افتتاح، وزیر ٹی ناگیشور راؤ کا خطاب

خواتین کی بہبود و حفاظت کیلئے حکومت عہد کی پابند، مہیلاہیلپ لائن 181 کا افتتاح، وزیر ٹی ناگیشور راؤ کا خطاب

حیدرآباد ۔19 اگست (سیاست نیوز) وزیر خواتین و اطفال بہبود تلنگانہ ٹی ناگیشور راؤ نے خواتین کی حفاظت کیلئے تیار کردہ مہیلا ہیلپ لائن 181 کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ حکومت خواتین کی بہبود و حفاظت کے معاملے میں عہد کی پابند ہے۔ خواتین کے آنکھوں میں آنسو نہ آنے دینے کا عہد کرتے ہوئے چیف منسٹر کے سی آر کام کررہے ہیں۔ ٹی ناگیشور راؤ نے آج سکریٹریٹ میں محکمہ خواتین و اطفال بہبود کی جانب سے تیار کردہ ہیلپ لائن کا افتتاح کرنے کے بعد خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی سہولت سوائے تلنگانہ کے ملک کے کسی بھی ریاست میں نہیں ہے۔ حکومت نے سرکاری و خانگی اداروں میں کام کرنے والی خواتین، خاندان اور سماج میں زندگی گذارنے والی خواتین کے خلاف بڑھتے ہوئے ہراسانی کے واقعات کا جائزہ لینے کے بعد خواتین میں بھروسہ پیدا کرنے کیلئے ہیلپ لائن کا افتتاح کیا ہے جو سال کے 12 ماہ چوبیس گھنٹے اپنی خدمات انجام دے گا۔ ریاست کے کسی بھی حصہ سے خواتین اپنے ساتھ ہونے والی ظلم و زیادتی، ناانصافیوں اور ہراسانی کی مہیلا ہیلپ لائن کے 181 نمبر پر فون کرتے ہوئے شکایت درج کراسکتی ہیں۔ بلالحاظ مذہب و ملت اور طبقات بغیر کسی خوف و جھجک کے ہیلپ لائن کی خدمات سے استفادہ کرسکتی ہیں۔ خواتین کے مسائل کا جائزہ لینے کے بعد انہیں سکھی سنٹرس، طبی امداد، ایمبولنس اور پولیس کی خدمات بھی فراہم کی جائے گی۔ مصیبت کا شکار خواتین کو سرکاری و غیرسرکاری اداروں میں عارضی قیام کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ گھریلو تنازعات، کام کرنے کے مقام پر ہراسانی، جنسی و جسمانی اذیتیں، جہیز کے ڈیمانڈ، لڑکیوں کی فروخت کے خلاف ہیلپ لائن کام کرے گی۔ انہوں نے عہدیداروں کو مہیلا ہیلپ لائن کی بڑے پیمانے پر تشہیر کرنے پر زور دیا۔ ضرورتمند اور مصیبت زدہ لڑکیوں و خواتین کو ہیلپ لائن سے ہر طرح کی مدد کرنے کا یقین دلایا۔

TOPPOPULARRECENT